کشمیر میں ہڑتال 59 ویں روز میں داخل، سری نگر کے مختلف علاقوں میں کرفیو جاری

سری نگر: (یو ا ین آئی) وادی کشمیر میں ہڑتال ، کرفیو اور پابندیوں کے باعث پیر کو مسلسل 59 ویں روز بھی معمولات زندگی مفلوج رہے جہاں علیحدگی پسند قیادت نے اعلان کر رکھا ہے کہ حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ وادی کے اطراف واکناف خاص طور پر جنوبی کشمیر کے چار اضلاع اور شمالی کشمیر کے دو اضلاع میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شدت کے ساتھ جاری ہے۔
وادی میں گذشتہ 58 روز سے روزانہ اوسطاً 100 سے زائد افراد سیکورٹی فورسز کی کاروائی میں زخمی ہورہے ہیں۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ امن وامان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لئے سری نگر کے پانچ پولیس تھانوں نوہٹہ، صفا کدل، ایم آر گنج، رعناواری اور خانیار اور سیول لائنز کے دو پولیس تھانوں مائسمہ اور بتہ مالو کے تحت آنے والے علاقوں میں کرفیو کا نفاذ بدستور جاری رکھا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ وادی کے دیگر حصوں میں دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت چار یا اس سے زیادہ افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی جاری رکھی گئی ہے۔ شہر کے قلب تاریخی لال چوک کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو خاردار تاروں سے بدستور سیل رکھا گیا ہے۔
لال چوک سے محض ایک سو میٹر کی دوری پر واقع مائسمہ علاقہ کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو بھی بدستور بند رکھا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مختلف اضلاع کو سری نگر کے ساتھ جوڑنے والی سڑکوں کو بھی بند رکھا گیا ہے۔ شہر بھر میں احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے سیکورٹی فورسز اور ریاستی پولیس کے اہلکاروں کی بھاری جمعیت تعینات رکھی گئی ہے۔
سری نگر کے پائین شہر کی صورتحال میں کوئی تبدیلی نہیں آرہی ہے جہاں گذشتہ 58 روز کے دوران کرفیو کا نفاذ 55 دن جاری رہا۔ پائین شہر کے رہائشیوں نے بتایا کہ انہیں اپنے گھروں سے باہر آنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اشیائے ضروریہ خاص طور پر دودھ، سبزیاں اور ادویات بھی حاصل نہیں کرپاتے ہیں۔
وادی میں 8 جولائی کو جنوبی کشمیر کے ککر ناگ میں سیکورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں ہلاکت کے بعد سے جاری احتجاجی مظاہروں کے دوران سیکورٹی فورسز کے ہاتھوں 73 عام شہری مارے گئے ہیں جبکہ 9 ہزار زخمی ہوئے ہیں۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Curfew restrictions continue in kashmir on 59th day in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply