کشمیر میں ہڑتال کا20واں دن،شبینہ مظاہرے جاری،سری نگر میں کرفیو ختم

سری نگر: وادی کشمیر میں حزب المجاہدین کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے خلاف احتجاجی مظاہروں اور ہڑتال کا سلسلہ جمعرات کو مسلسل بیسویں روز بھی جاری رہا۔ وادی میں جاری احتجاجی لہر کے دوران تاحال کم از کم 52 افراد ہلاک جبکہ 5 ہزار دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔ اگرچہ دن کے وقت ہونے والے احتجاجی مظاہروں کی شدت میں کمی آرہی ہے، تاہم شبینہ احتجاجوں کا سلسلہ زور پکڑ رہا ہے۔ کشمیر انتظامیہ نے ایک بار پھر ریاستی دارالخلافہ سری نگر سے کرفیو اٹھانے کا اعلان کر دیا تاہم جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں اس کا نفاذ بدستور جاری رکھا گیا ہے۔
اگرچہ سری نگر سے کرفیو ہٹالیا گیا ہے تاہم احتجاجی مظاہروں کو روکنے کے لئے سری نگر سمیت وادی کے دوسرے 8 اضلاع بشمول شمالی کشمیر کے کپواڑہ، بانڈی پورہ اور بارہمولہ، جنوبی کشمیر کے پلوامہ، شوپیان اور کولگام اور وسطی کشمیر کے بڈگام اور گاندربل اضلاع میں دفعہ 144 سی آر پی سی کے تحت چار یا اس سے زیادہ افراد کے ایک جگہ جمع ہونے پر پابندی برقراررکھی گئی ہے علاوہ ازیں سری نگر اور دیگر آٹھ اضلاع جن سے کرفیو ہٹالیا گیاہے، میں آج بیسویں روز بھی سڑکیں سنسان اور بازار ویران نظر آئے۔
تمام تجارتی مراکز بشمول لال چوک، ہری سنگھ ہائی اسٹریٹ، ریگل چوک، مولانا آزاد روڑ، بڈشاہ چوک، گونی کھن مارکیٹ، مہاراج بازار، بتہ مالو، ڈلگیٹ اور ریذیڈنسٹی روڑ پر تمام دکانیں اور تجارتی مراکزبند رہے۔ وادی کے تقریباً تمام اضلاع میں سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں میں معمول کی سرگرمیاں بھی بدستور معطل ہیں۔ خیال رہے کہ علیحدگی پسند قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے وادی میں جاری ہڑتال میں 29 جولائی تک توسیع کا اعلان کر رکھا ہے۔
دریں اثنا وادی کشمیر میں اگرچہ تمام موبائیل فون سروس پرووائڈرس کی پوسٹ پیڈ فون خدمات بحال کردی گئی ہیں، تاہم پری پیڈ موبائیل فون خدمات اور انٹرنیٹ کو بدستور معطل رکھا گیا ہے۔ وادی میں پوسٹ پیڈ فون خدمات قریب دو ہفتے بعد منگل اور بدھ کی درمیانی رات کے دوران بحال کردی گئیں۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ چونکہ وای میں اب امن وامان کی صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہے، ہم نے مواصلاتی نظام کو مرحلہ وار طریقے سے بحال کرنا شروع کردیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ موبائیل فون خدمات کو معطل رکھنے کا اقدام کسی بھی طرح کی افواہوں کو روکنے کی غرض سے اٹھایا گیا تھا۔ ذرائع نے بتایا کہ صورتحال میں مزید بہتری آنے کے ساتھ ہی پری پیڈ موبائیل فون اور انٹرنیٹ خدمات کو بھی بحال کردیا جائے گا۔ اگرچہ کشمیر کے ساتھ ساتھ جموں خطہ میں بھی موبائیل انٹرنیٹ خدمات معطل کردی گئی تھیں، تاہم وہاں یہ خدمات 25 جولائی کو بحال کردی گئیں۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Curfew lifted from most parts of the kashmir valley in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply