کشمیر میں مولانا آزاد اردو یونیورسٹی کے سیٹلائٹ کیمپس کی تعمیر کا کام جلد شروع ہونا متوقع

سری نگر:وادی کشمیر میں مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی (مانو) کے سیٹلائٹ کیمپس میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر پر گذشتہ 4 برسوں سے جاری تعطل عنقریب ختم ہونے والا ہے کیونکہ یونیورسٹی حکام نے کیمپس کی دیواری بندی ، باب الداخلہ اور گارڈ روم کی تعمیر کے لئے 3 کروڑ روپے کے پروجیکٹ کو منظوری دے دی ہے۔ وسطی ضلع بڈگام کے پاٹواو علاقہ میں 100 سے زائد کنال سرکاری اراضی پر بننے والے ملک کی واحد قومی اردو یونیورسٹی کے سیٹلائٹ کیمپس کا سنگ بنیاد 28 مئی 2013 ءکو اس وقت کے مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل ڈاکٹر ایم ایم پلم راجو اور وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے رکھا تھا، لیکن تب سے لیکر اب تک کیمپس کے اندر کوئی تعمیراتی کام شروع نہیں کیا گیا جس کے باعث وادی میں اردو کے شیدائیوں اور اس زبان میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے خواہشمند طلبامیں مایوسی پیدا ہوئی تھی۔
اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد اسلم پرویز نے یو این آئی کے ساتھ ایک ای میل انٹرویو میں کہا کہ یونیورسٹی کے سیٹلائٹ کیمپس کشمیر میں تعمیر کا کام عنقریب شروع کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ پروسیجرل مسائل مذکورہ کیمپس میں تعمیراتی ڈھانچوں کا کام شروع کرنے میں تاخیر کا سبب بنے تھے جن کو اب حل کیا گیا ہے۔ ڈاکٹر اسلم پرویز نے کہا کہپہلے مرحلے میں کیمپس کے چاروں اطراف دیوار، ایک باب الداخلہ اور ایک گارڈ روم کی تعمیر کی جائے گی‘۔ انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے کے پروجیکٹ پر 3 کروڑ سے زائد رقم خرچ کی جائے گی۔ وائس چانسلر نے مزید کہا کہ ’کشمیر سیٹلائٹ کیمپس‘ کو 18 مارچ کو ہونے والی یونیورسٹی ایگزیکٹوکمیٹی میٹنگ کے ایجنڈے میں بھی رکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا ’قبل ازیں یونیورسٹی کی بلڈنگ اور فائنانس کمیٹی نے موضوع کو منظوری دے دی ‘۔
ڈاکٹر اسلم پرویز نے کہا کہ یونیورسٹی ایک منصوبے پر کام کرنے کا ارادہ رکھتی ہے جس کا مقصد اردو یونیورسٹی کا دائرہ کار پورے جموں وکشمیر میں پھیلانا ہے۔ دریں اثنا یونیورسٹی کی طرف سے وادی میں سنہ 2015 میں قائم کئے گئے ’مانو آرٹس اینڈ سائنس کالج فار وومن‘ میں امسال چار مضامین بشمول اسلامک اسٹیڈیز، اکنامکس، انگریزی اور اردو میں ریگیولرپوسٹ گریجویٹ اور ڈاکٹریٹ پروگرام شروع کئے گئے ہیں جن میں داخلوں کا اعلامیہ جاری ہوچکا ہے۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Construction on manuu campus in kashmir to start soon in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply