مرکزی حکومت زمینی حقائق تسلیم کرکے مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے ٹھوس اقدامات کرے: نیشنل کانفرنس

سری نگر : (یو ا ین آئی) جموں وکشمیر کی سب سے بڑی اپوزیشن جماعت نیشنل کانفرنس نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ زمینی حقائق تسلیم کرکے مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل کے لئے ٹھوس اور کارگر اقدامات اٹھائے تاکہ خطے میں دیر پا امن کا قائم ہوسکے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر امن و قانون کی صورتحال کا مسئلہ اور نہ ہی کوئی اقتصادی مسئلہ ہے بلکہ یہ ایک سیاسی مسئلہ ہے جسے سیاسی طور پر حل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ پارٹی کے معاون جنرل ڈاکٹر شیخ مصطفےٰ کمال نے بدھ کے روز یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح کمپلیکس میں ایک پارٹی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’ افسوس کی بات ہے کہ وزیر اعظم پیکیج کی عمل آوری کو کشمیر میں بہہ رہے عام لوگوں کے خون سے ترجیح دی جارہی ہے۔ مرکزی پروجیکٹوں کا جائزہ لینے کے لئے مرکزی سے بڑے بڑے عہدیدار سری نگر آرہے ہیں لیکن کشمیریوں کو جس اصل مسئلے کا سامنا ہے اس کو نظرانداز کیا جارہا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی پیکیجوں اور پروجیکٹوں سے نہ ماضی میں یہاں امن لوٹ آیا ہے اور نہ مستقبل میں آئے گا۔ ڈاکٹر کمال نے کہا کہ جتنی توجہ وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج کو دی جارہی ہے اگر اتنی ہی توجہ کشمیر کے حالات پر دی جائے تو مسئلہ کب کا حل ہوگیا ہوتا۔انہوں نے کہا ’مسئلہ کشمیر ایک زندہ حقیقت ہے اورمرکزی سرکار کو اس مسئلے کے سیاسی حل کے لئے پہلی کرنی چاہئے تاکہ یہاں کے لوگوں کو چین کی زندگی میسر ہوسکے‘۔ ڈاکٹر کمال نے کہاکہ ریاستی حکومت نے عوام کو حالات کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا ہے جبکہ مرکزی سرکار خصوصاً وزیر اعظم خاموش تماشائی کا رول ادا کررہی ہے۔ امن و قانون کی صورتحال سے نمٹنے میں ربط و ضبط اور ایس او پی کو بالائے طاق رکھ کر لوگوں کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کیا جارہاہے۔
انہوں نے پیلٹ گن کے بے تحاشہ استعمال پر فوری طور پر روک لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہتھیار گذشتہ 2سال سے انتہائی مہلک اور جان لیوا ثابت ہوا ہے اور اس ہتھیار کے بلا جواز استعمال کی خبریں بھی آئے روز موصول ہورہی ہیں۔ ڈاکٹر کمال نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ مرکزی حکومت وادی کی موجودہ بے چینی کو امن و قانون کی صورتحال اور مسئلہ کشمیر کو اقتصادی مسئلے تعبیر کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر امن و قانون کا مسئلہ نہیں اور نہ ہی یہ مسئلہ اقتصادی اور روزگار پیکیجوں سے حل ہوسکتا ہے۔ یہ ایک سیاسی مسئلہ ہے جسے سیاسی طور پر حل کرنا لازمی ہے۔ نیشنل کانفرنس نے اقتدار سے باہر اور اقتدار میں رہ کر بھی اس مسئلہ کے سیاسی حل کی وکالت کی ہے اور پارٹی آج بھی اپنے موقف پر قائم و دائم ہے۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Center government play role for resolution of kashmir issue in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News
Tags: , ,

Leave a Reply