کشمیر میں برفباری کے بعدچمکیلی دھوپ کھلنے سے موسم خوشگوار مگر سڑکیں پانی میں ڈوبیں

سری نگر: وادی کشمیر میں تازہ بارشوں اور برف باری کے بعد پیر کو دن بھر اچھی خاصی دھوپ کھلی رہی جس سے موسم انتہائی خوشگوار ہوگیا۔ تاہم برف کے تیزی سے پگھلنے کے باعث وادی کے بیشتر علاقوں بالخصوص دارالحکومت سری نگر میں سڑکیں زیر آب آگئیں اور ان پر لوگوں کا چلنا پھرنا مشکل بن گیا۔ سری نگر میونسپل کارپوریشن (ایس ایم سی) نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر میں پانی کی نکاسی کے لئے 80 ڈی واٹرنگ پمپ کام پر لگادیے گئے ہیں۔ محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے یو این آئی کو بتایا کہ ریاست میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران چند ایک مقامات پر ہلکی بارش یا برف باری ہوسکتی ہے۔
انہوں نے تاہم بتایا کہ ریاست میں اس کے بعد آنے والے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہے گا۔ ریاست میں گذشتہ رات خطہ لداخ کا سرحدی قصبہ کرگل سرد ترین مقام ثابت ہوا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 12 اعشاریہ 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ شمالی کشمیر میں واقع شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ دوسرے نمبر پر رہا جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ خطہ لداخ کے لیہہ جہاں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 10 اعشاریہ 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، میں گذشتہ رات کم سے کم درجہ حرارت منفی 3 اعشاریہ 4 ڈگری ریکارڈ کیا گیا ہے۔ شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 10 سنٹی میٹر تازہ برف باری جبکہ 4 اعشاریہ 4 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

Title: bright sunshine in srinagar | In Category: کشمیر  ( kashmir )
Tags:

Leave a Reply