شمالی کشمیر کے بارہمولہ ضلع میں برف کا تودہ گرنے سے بزرگ ہلاک

سری نگر: شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے اوڑی سیکٹر میں برفانی تودے کی زد میں آکر ایک معمر شخص کی موت واقع ہوئی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ اوڑی کے لاچی پورہ کا رہنے والا فتح محمد مغل اپنے گھر کی پانی سپلائی لائن ٹھیک کررہا تھا کہ اس دوران ایک بھاری برکم برفانی تودا اس پر گر گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مقامی لوگوں نے بچاؤ کاروائی شروع کرکے مغل کو بے ہوشی کی حالت میں برف تلے سے برآمد کیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ معمر شخص مغل کو پہلے مقامی طبی مرکز اور بعد میں فوجی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکا۔ خیال رہے کہ گذشتہ چار دنوں کے دوران وادی کے متعدد سرحدی علاقوں میں برفانی تودے گر نے کے واقعات پیش آئے۔
24 اور 25 جنوری کو شمالی کشمیر کے علاقہ تلیل میں برفانی تودے کے گرنے کے نتیجے میں ایک ہی کنبہ کے چار افراد زندہ دب کر لقمہ اجل بن گئے۔ اسی دن وسطی کشمیر کے مشہور سیاحتی مقام سونامرگ میں ایک فوجی کیمپ کے برفانی تودے کی زد میں آنے سے ایک فوجی میجر ہلاک ہوگیا۔ اس کے بعد شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے گریز سیکٹر میں دو فوجی چوکیوں اور فوج کی ایک گشتی پارٹی کے بھاری برکم برفانی تودوں کی زد میں آنے سے 14 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔ اس دوران سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا کہ وادی اور خطہ لداخ کے بالائی علاقوں میں برفانی تودے گرآنے کا خطرہ آئندہ چوبیس گھنٹے تک برقرار رہے گا۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Avalanche hits kashmirs baramulla kills man in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply