زبردست حفاظتی بندوبست میں امرناتھ یاتریوں کا پہلا قافلہ جموں سے روانہ

جموں/سری نگر: عدیم المثال حفاظتی بندوبست کے سایے میں بابا امرناتھ یاتریوں کا پہلا قافلہ بدھ کی صبح یہاں بھگوتی نگر میں واقع یاتری نواسن بیس کیمپ جموں سے ’بم بم بولے‘ ،’ہر ہر مہادیو‘ اور ’جئے با با برفانی‘ کے فلک شگاف نعرے بلند کرتے ہوئے وادی کشمیر کی طرف روانہ ہوا۔ تاہم وادی میں 40 دنوں پر محیط سالانہ امرناتھ یاترا کا باضابطہ آغاز جمعرات کو یاتریوں کی ننون پہل گام اور بال تل بیس کیمپوں سے جنوبی کشمیر میں سطح سمندر سے 13 ہزار 500 فٹ بلندی پر واقع امرناتھ گپھاکی طرف روانگی کے ساتھ ہوگا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ ریاستی نائب وزیر اعلی ڈاکٹر نرمل سنگھ نے بدھ کو علی الصباح یاتری نواسن بیس کیمپ جموں سے 2280 امر ناتھ یاتریوں پر مشتمل پہلے قافلے کو ہری جھنڈی دکھا کروادی کی طرف روانہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ مسٹر سنگھ نے علی الصباح پانچ بجکر 22 منٹ پر یاتریوں کی پہلی بس کو روانہ کیا۔ جبکہ آخری بس پانچ بج کر 45منٹ پر روانہ ہوئی۔ ذرائع نے بتایا کہ اسٹیٹ روڑ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (ایس آر ٹی سی) کی 46 بسوں سمیت کل 72 گاڑیاں سری نگر کے لئے روانہ ہوئیں۔ مسٹر نرمل سنگھ نے اس موقعے پر کہاکہ یاتریوں کی سیکورٹی کے لئے حکومت کی جانب سے تمام بندوبست کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف حصوں سے امرناتھ یاترا کے لئے آنے والے عقیدت مندوں کو ریاستی حکومت ہر ضروری سہولیت فراہم کرے گی۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ سالانہ امرناتھ یاترا رسمی طور پرجمعرات کو روایتی پہلگام اور مختصر بال تل راستوں سے بہ یک وقت شروع ہوگی جس کے پرامن اور خوشگوار ماحول میں انعقاد کو یقینی بنانے کے لئے جموں کے بیس کیمپ سے لیکر امرناتھ گپھاتک فقیدالمثال حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔

Read all Latest kashmir news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from kashmir and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Amarnath yatra begins heres what it takes to protect yatris in Urdu | In Category: کشمیر Kashmir Urdu News

Leave a Reply