مسلم ویمن پرسنل لا بورڈ کا طلاق ثلاثہ میں جدا موقف

مسلم ویمن پرسنل لا بورڈ کا طلاق ثلاثہ میں جدا موقف
نئی دہلی:آل انڈیا مسلم ویمن پرسنل لاءبورڈ (اے آئی ایم ڈبلیو پی ایل بی) نے سپریم کورٹ میں داخل حلف نامہ طلاق ثلاثہ کی حمایت میں پیش کئے گئے مسلم پرسنل لاءبورڈکے موقف پر سخت تنقید کرتے ہوئے اس کی مخالفت کی ہے۔ خواتین مسلم پرسنل لاء بورڈ نے کہا کہ مردوں کے غلبہ والے مسلم پرسنل لابورڈ کا یہ رجعت پسندانہ اقدام ہے۔
آل انڈیا خواتین مسلم پرسنل لاء بورڈ کی چیئر پرسن شائستہ عنبر نے کہا کہ آل انڈیا مسلم پرسنل لابورڈ نے مسلم معاشرے میں سماجی اصلاحات کو نافذ کرنے اور شرعی عدالتوں کے نظام کو مؤثر بنانے میں اپنی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لئے سپریم کورٹ میں حلف نامہ داخل کیا ہے۔
محترمہ شائستہ عنبر نے کہا کہ وہ بھی سپریم کورٹ میں عرضی دائر کریں گی جس میں خواتین مسلم پرسنل لاء بورڈ کو بھی عدالت عظمی میں زیر غور مسئلے میں فریق بنانے کی درخواست کی جائے گی تاکہ طلاق ثلاثہ کے قانونی جواز اور مسلم پرسنل لاءبورڈ کے دیگر مسائل کو چیلنج کیا جاسکے۔