اترپردیش کے مین پوری میں بیوی و بیٹی کو پیٹ پیٹ کر ہلاک کردینے والے شخص کو پھانسی کی سزا

مین پوری:اترپردیش کے مین پوری میں تقریبا ڈھائی سال پہلے بیوی اور بیٹی کو پیٹ پیٹ کرہلاک کرنے والے شخص کو ایک مقامی عدالت نے پھانسی کی سزا سنائی ہے۔ اس کے علاوہ اس پر 45 ہزار روپے کا جرمانہ لگایا گیاہے۔
استغاثہ کے مطابق ضلع کے کرا علاقے میں روپ پور کے بابورام کے بیٹے سوبرن سنگھ کی شادی تقریبا 15 سال پہلے فرخ آباد کی رہائشی ممتا کے ساتھ ہوئی تھی۔ سوبرن سنگھ شراب پینے کا عادی تھا۔ شراب پینے پر اکثر خاندان میں تنازعہ ہوتا تھا۔ گذشتہ 29 جون 2014 کی رات سوبرن سنگھ شراب لے کر گھر آیا تھا۔ شراب پینے کے بعد اس کا کسی بات پر اس کے باپ سے تنازعہ ہو گیا تھا۔ جس کی وجہ سے سوبرن نے اپنے باپ بابورام کی پٹائی کر دی۔ یہ بات سوبرن کی بیوی ممتا کو ناگوار گزری اور اس نے مخالفت کی۔ اس کے بعد بابورام اپنی بیوی کے ساتھ جھونپڑی سے باہر چلا گیا۔
اس درمیان سوبرن کا نشہ کچھ کم ہوا تو اس نے اپنی بیوی سے شراب کے لئے روپے مانگے۔ بیوی اور بیٹی سپنا نے شراب کے لئے روپے دینے سے انکار کر دیا۔ اس پر سوبرن چراغ پا ہو گیا تھا۔ پھر ممتا نے اسے سو روپے دے دیے اور کچھ روپے تھے جو اس نے اپنی بیٹی سپنا کو رکھنے کے لئے دے دیے۔ اسی درمیان سوبرن بیٹی کو کھینچ کر کھیت میں لے گیا، جہاں اسے پیٹ پیٹ کر نیم مردہ کردیا۔ سوبرن نیم مردہ سپنا کو گود میں لے کر دروازے کے پاس آیا اور وہیں اسے زمین پر پھینک دیا۔
اتنے میں بھی جب سپنا کی جان نہیں نکلی تو قاتل باپ نے بیٹی کا گلا پاوؤں سے دبا کر اس کی جان لے لی۔ اس درمیان اس نے ممتا کو اینٹ پتھروں اور ڈنڈوں سے پیٹنا شروع کر دیا۔ جس سے اس کی بھی موت ہو گئی۔ اس مقدمے میں ایڈیشنل ضلع و سیشن جج گروپریت سنگھ بابا نے کل ملزم سوبرن کو پھانسی کی سزا سناتے ہوئے اس پر 45 ہزار روپے کا جرمانہ بھی لگایا گیا ہے۔ جرمانے کی رقم میں سے 20 ہزار روپے مقتول کے اہل خانہ کو دینے کی ہدایت دی ہے۔ فیصلے کی تصدیق کے لئے عدالت نے کاغذات ایک ماہ کے اندر ہائی کورٹ بھیجے جانے کی ہدایت بھی دی ہے۔ مجرم بھی فیصلہ کی مخالفت میں ہائی کورٹ سے رجوع کر سکتا ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Wife and daughters killer sentenced to death in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply