ہم جس کام کا بیڑہ اٹھاتے ہیں اسے صدق دلی سے پایہ تکمیل کو بھی پہنچاتے ہیں : وزیر اعظم مودی

ادے پور (راجستھان): ہندستان کی اقتصادی خوشحالی کے لئے انفرااسٹرکچر کی ترقی کو اہم چیلنج قرار دیتےہوئے وزیراعظم نریندر مودی نے آج کہا کہ سابقہ حکومتوں کے برعکس ان کی حکومت جن پروجیکٹوں کو شروع کرتی ہے انہیں مقررہ مدت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچاتی ہے اور وہ آج جن پروجیکٹوں کا افتتاح کررہے ہیں وہ راجستھان کی تقدیر بدل دیں گے۔ مسٹر مودی یہاں 56 10 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار 12 قومی شاہراہوں اور دیگر 48 قومی شاہراہوں کی تزئین و مرمت کا افتتاح نیز 9410 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والی مجوزہ گیارہ قومی شاہراہو ں کا بھومی پوجن کرنے کے بعد ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔
انہوں نے کانگریس کا نام لئے بغیر کہا کہ سابقہ حکومت نے 300 کروڑ روپے کی لاگت سے کوٹا میں چمبل ندی پر 2006 میں پل بنانے کا فیصلہ کیا تھا لیکن 8 سال گزر جانے کے باوجود اسے تعمیر کرنے میں ناکام رہی تاہم ان کی حکومت نے محض 278 کروڑ روپے کی لاگت سے صرف ڈیڑھ سال میں اسے پورا کردیا اور آج اس کا افتتاح کرتے ہوئے وہ پورے اعتماد کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ ان کی حکومت جس پروجیکٹ کو شروع کرتی ہے اسے پایہ تکمیل تک پہنچاتی بھی ہے۔
.وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے ایک ایسا کلچر پیدا کرنے کی کوشش کی ہے جس کام کا آغاز کریں اسے ہم ہی پورا کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ”کام کرنے والی سرکار کس کو کہتے ہیں۔ یہ سمجھنے کے لئے مذکورہ واقعہ کافی ہے۔ “ خیال رہے کہ راجستھان میں اگلے سال اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور وزیراعظم کے اس جلسے کو بھارتیہ جنتا پارٹی کی طرف سے انتخابی مہم کا آغاز بھی قرار دیا جارہا ہے۔ مسٹر مودی نے کہا کہ پروجیکٹوں کا اعلان کرنا، اخبارات میں ان کی خبریں اور تصویریں شائع کرالینا آسان ہے اور ماضی میں ایسا ہوتا رہا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ بعض پرانی خرابیوں کو دور کرنا ان کی حکومت کے لئے ایک بڑا چیلنج ہے۔انہوںنے کانگریس کا نام لئے بغیر کہا کہ ” آپ اندازہ نہیں لگاسکتے کہ وہ کس طرح سے ہاتھ توڑ گئے ہیں، سارا نظام ایسا منہدم ہوگیا ہے کہ اگر قوت فیصلہ سے عاری کوئی انسان ہوتا تو شاید حوصلہ ہار جاتا۔ لیکن ہم ذرا الگ مٹی کے بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں چیلنج قبول کرنے کی عادت ہے اور چیلنج کرنے کی بھی عادت ہے اور ہم چیلنج کو تسلیم کرتے ہوئے منزل کی جانب بڑھنے کا حوصلہ بھی رکھتے ہیں۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: We take decisions with courage and execute them with conviction modi in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply