ملک کے نئے نائب صدر کا الیکشن 5اگست کوکرایا جائے گا: الیکشن کمیشن

نئی دہلی:الیکشن کمیشن سے جاری ایک اعلامیے کے مطابق ملک کے نئے نائب صدر جمہوریہ کے عہدے کےلئے الیکشن پانچ اگست کو ہوگا۔ چیف الیکشن کمشنر نسیم زیدی نے آج یہاں پریس کانفرنس میں بتایا کہ پانچ اگست کو ووٹنگ ہوگی اور اسی دن ووٹوں کی گنتی بھی کرائی جائےگی۔ نائب صدر جمہوریہ کے لئے چار اگست کو نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا اور اسی دن سے پرچہ نامزدگی کا عمل بھی شروع ہوجائے گا۔ .چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ نائب صدر جمہوریہ کے عہدے کے لئے الیکشن کےلئے نام داخل کرنے کی حتمی تا ریخ 18جولائی ہے اور پرچہ نامزدگی کی جانچ کا کام 19جولائی کو کیا جائےگا۔21جولائی تک نام واپس لئے جاسکتے ہیں۔
پانچ اگست کو صبح 11بجے سے شام پانچ بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ قابل ذکر ہے کہ نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری کا مدت کار 10اگست کو ختم ہورہا ہے۔ڈاکٹر انصاری پہلی بار 10اگست 2007 کو ملک کے نائب صدر جمہوریہ بنے تھے اور دوسری بار 2012 میں انہیںدوبارہ اس عہدے کےلئے منتخب کیا گیا تھا۔ راجیہ سبھا کے جنرل سکریٹری شمشیر کے شریف کو نائب صدر کے عہدے کے انتخابات میں الیکشن افسر بنایا گیا ہے۔ان کی مدد کےلئے ایک اسسٹنٹ الیکشن افسر بھی ہوگا۔اس الیکشن میں کل 790رائے دہندگان ہوں گے،جن میں لوک سبھا کے 545اور راجیہ سبھ اکے 245رکن شامل ہیں۔ مسٹر زیدی نے بتایا کہ الیکشن بورڈ کے ارکان ایک خاص قلم کے ذریعے ووٹ دے سکیں گے۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ کوئی سیاسی پارٹی اپنے ارکان کے لئے ووٹ کے لئے وہپ جاری نہیں کرے گی۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Vice presidential elections to be held on 5 august announces ec in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply