ہند امریکہ مل کر بہت کچھ کر سکتے ہیں: ایوانکا ٹرمپ

نئی دہلی:تلنگانہ کے دارالخلافہ حیدرآباد میں تین روزہ عالمی نو صنعتکاری سربراہ اجلاس میں شرکت کے لیے ہندوستان آنے والی امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی بیٹی اور مشیر ایوانکا ٹرمپ نے کہا ہے کہ دنیا کی دو بڑی جمہوریتیں ہونے کے ناطے امریکہ اور ہندوستان مل کر بہت کچھ کر سکتے ہیں۔
انہوں نے انگریزی روزنامہ دی ٹائمز آف انڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی ترقی و اصلاحات کو فروغ دینا، دہشت گردی سے نمٹنا اور دفاعی تعلقات میں توسیع سمیت ہماری کئی مشترکہ ترجیحات ہیں۔ ایوانکا نے،جو خود ایک کامیاب نو صنعتکار ہیں، کہا کہ ستمبر میں انہیں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران نیو یارک میں وزیر خارجہ سشما سوراج سے ملاقات کا شرف حاصل ہوا تھا ۔
اور انہوں نے انہیں بتایا تھا کہ وہ ہمیشہ سے ہندوستان کی تاریخ اور ثقافت کی تعریف کرتی رہی ہیں اور انہیں امید ہے کہ ہندوستان ترقی کی راہ پر گامزن رہے گا۔ انہوںنے مزید کہا کہ وہ ہندوستان کے دورے اوروزیر اعظم نریندر مودی سے ہونے والی ملاقات کے حوالے سے بہت پرجوش ہیں۔ واضح رہے کہ منگل کو ایوانکا کو نریندر مودی کے ساتھ پرانے حیدر آباد کے تاج فلک نما پیلیس ہوٹل میں ڈنر دیا جائے گا۔

Title: usindia can do a lot together ivanka trump | In Category: ہندوستان  ( india )

Leave a Reply