انڈین مجاہدین کے3 کارکنوں کو عمر قید کی سزا

ممبئی: کالعدم دہشت گرد تنظیم انڈین مجاہدین کے رکن ہونے اور انڈین مجاہدین نامی تنظیم کے مبینہ بانیوں بھٹکل برادران کو منگلور شہر میں پناہ دینے والے معاملے میں آج منگلور کی خصوصی سیشن عدالت نے قصور وار ٹہرائے گئے تین مسلم نوجوانوں کو عمر قید کی سزا تجویز کی ہے ، اسی درمیان آج یہاں ممبئی میں ملزمین کو قانونی امدا د فراہم کرنے والی تنظیم جمعیت علماء مہاراشٹر (ارشدمدنی) قانونی امداد کمیٹی کے سربراہ گلزار اعظمی نے اعلان کیا کہ وہ نچلی عدالت کے فیصلہ کا احترام کرتے ہیں اور عدالت کے فیصلہ کو بنگلور ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔
گلزار اعظمی نے کہا کہ اس معاملے میں نا تو کوئی بم دھماکہ ہوا اور ناہی کسی کاجانی و مالی نقصان ہوا اس کے باوجود صرف مجرمانہ سرگرمیوں کے الزامات کے تحت ملزمین کو عمر قید کی سزائیں سنا ئی گئیں جس سے وہ قطعی متفق نہیں ہیں نیز فیصلہ کی نقول موصول ہونے کے بعد جمعیت کے وکلاء کے مطالعہ کرنے کے بعدملزمین کے حق میں جو بھی بہتر ہوگا اس کے لیئے کوشش کی جائے گی۔ گلزار اعظمی نے بتایا کہ ملزمین سید احمد نوشاد،(25) احمد باوا ابوبکر (33)اور فقیر احمد (46)کو عدالت نے 10? اپریل کو قصور وار ٹہرایا تھا جس کے بعد آج انہیں عمر قید کی سزا سنائی گئی جبکہ عدالت نے اس معاملے کے ملزمین محمد علی، جاوید علی، شبیر احمد اور محمد رفیق کو باعزت بری کردیا تھا۔
گلزار اعظمی نے بتایا کہ ماہ اکتوبر 2008میں ریاض بھٹکل اور دیگر انڈین مجاہدین تنظیم سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو پناہ دینے نیز انڈین مجاہدین تنظیم سے وابستہ ہونے کے الزامات کے تحت منگلور پولس نے سید محمد نوشاد، احمد باوا، محمد علی، جاوید علی،، محمد رفیق ، فقیر احمد اور شبیر بھٹکل کو گرفتار کیا تھا اور ان کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعات 120(B), 121(A), 122,123,153(A) 122,420, 468,471 اوریو اے پی اے قانون کی دفعات 10, 11, 13,16,17,18,19,20,21 سمیت آرمس ایکٹ اور ایکسپلوزیو سبسٹنس کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ قائم کیا تھا۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Three im members sentenced to life in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News
Tags: , ,

Leave a Reply