این آئی اے نے حافظ سعید، صلاح الدین اور دس کشمیری انتہا پسندوں کے خلاف فرد جرم عائد کر دی

فائل فوٹو
نئی دہلی: قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے وادی کشمیر میں تخریبی اور علیحدگی پسند سرگرمیوں کے لیے دہشت گردوں کی مالی اعانت کرنے کے مقدمہ میں ممبئی حملوں کے اصل ملزم لشکر طیبہ کے بانی اور جماعت الدعویٰ کے سرغنہ حافظ سعید ، پاکستانی دہشت گرد صلاح الدین اور دس کشمیر علیحدگی پسندوں کے خلاف فرد جرم داخل کر دی۔
ایجنسی نے یہ فرد جرم ایڈیشنل سیشن جج ترون شیراوت کو پیش کی ۔ایجنسی نے کہا کہ جموںو کشمیر میں دہشت گردانہ اور علیحدگی پسند سرگرمیوں سے حکومت کے خلاف جنگ کی سازش رچنے کے لیے حافظ سعید اور حزب المجاہدین کے سربراہ سید صلاح الدین سمیت12افراد کے خلاف 12794صفحاتی فردجرم داخل کی گئی ہے۔
حافظ سعید اور صلاح الدین کے علاوہ جن لوگوں کے خلاف الزامات طے کیے گئے ہیں ان میں حریت لیڈر سید شاہ گیلانی کے داماد الطاف احمد شاہ، گیلانی کے پرسنل اسسٹنٹ بشیر احمد بھٹ،کل جماعتی حریت کانفرنس کے میڈیا مشیر و منصوبہ ساز آفتاب احمد شاہ، ، علیحدگی پسند تنظیم نیشنل فرنٹ کے چیرمین نعیم احمد خان ، جموں و کشمیر لبریشن فرنٹ (آر) کے چیرمین فاروق احمد ڈار ، ، کل جماعتی حریت کانفرنس (گیلانی گروپ) کے میڈیا مشیر محمد اکبر کھانڈے، تحریک حریت کے عہدیدار راجہ معراج الدین کلوال اور حوالہ دھندہ چلانے والے ظہور احمد شاہ واٹل اور دو پتھر باز کامران یوسف اور جاوید احمد بھٹ شامل ہیں۔