محکمہ انکم ٹیکس نے ریزارٹ پر نہیں کرناٹک کے وزیر کے گھر پر چھاپہ مارا ہے: جیٹلی

نئی دہلی:راجیہ سبھا میں ایوان کے لیڈر اور وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے آج واضح کیا کہ کرناٹک کے جس ریزارٹ میں کانگریس کے گجرات کے ممبران اسمبلی قیام پذیر ہیں وہاں انکم ٹیکس نے چھاپہ نہیں مارا ہے بلکہ کرناٹک کے ایک وزیر اور ان کے 39 ٹھکانوں پر چھاپے مارے گئے ہیں۔ کانگریس کے آنند شرما سمیت پارٹی کے کئی دیگر اراکین نے آج وقفہ صفر شروع ہوتے ہی ایوان میں اس معاملے کو اٹھایا اور نعرے بازی کی۔
مسٹر شرما نے الزام لگایا کہ حکومت محکمہ انکم ٹیکس، انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور مرکزی جانچ بیورو (سی بی آئی) کا بے جا استعمال کر رہی ہے۔ کانگریس اراکین کے ہنگامہ کے سبب ڈپٹی چیئرمین پی جے کوریئن نے ایوان کی کارروائی 10 منٹ کیلئے ملتوی کردی۔ نعرے بازی کے دوران مسٹر جیٹلی نے کہاکہ محکمہ انکم ٹیکس نے کرناٹک کے ایک وزیر کے گھر پر چھاپہ مارا ہے اور اس دوران یہ وزیر اپنے گھر سے نکل کر اس ریزارٹ میں چھپ گیا جہاں گجرات کے کانگریس ممبران اسمبلی کو ٹھہرایا گیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جس شخص کے یہاں چھاپہ کی کارروائی کی جاتی ہے اس کا بیان لیا جاتا ہے اس لئے محکمہ انکم ٹیکس کے افسر اس ریزارٹ میں گئے جہاں متعلقہ وزیر کچھ کاغذات پھاڑ رہے تھے۔ حکام نے پھاڑے گئے کاغذات کو جمع کیا اور پنچ نامہ بنایا۔ انہوں نے کہاکہ اس چھاپہ کا اس ریزارٹ سے کوئی لینا دینا نہیں ہے اور اس کارروائی کو گجرات کے اسمبلی الیکشن سے جوڑ کر نہیں دیکھا جانا چاہئے۔
ایوان میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد نے حکومت پر جوابی حملہ کرتے ہوئے کہاکہ وہ بی جے پی کے ان لیڈروں پر بھی سی بی آئی کی چھاپہ ماری کی کارروائی کرائیں جو کانگریس لیڈروں کو 15 کروڑ روپئے دینے کی پیشکش کر رہے تھے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Tax raid in karnataka arun jaitley vs congress in parliament in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply