علی گڑھ :مثلِ سالہائے گذشتہ امسال بھی جناب فاطمہؑ زہرا بنت رسول الثقلین حضرت محمد مصطفےٰ کی ولادت با سعادت کے پر مسرت موقع پر ایک طرحی منقبتی محفل کا انعقاد امامیہ سوسائٹی علی گڑھ کی جانب سے امامیہ ہال نیشنل کالونی سول لائنس علی گڑھ میں کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں حاضرین نے شرکت کی اور شعراءنے مصرع طرح”عظمتوں کی سر زمیں کا آسماں ہیں فاطمہؑ“ پر منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔نظامت کے فرائض مولانا ڈاکٹر اصغر اعجاز قائمی جلالپوری استاذ شعبہ دینیات اے ایم یو علی گڑھ نے بحسن و خوبی انجام دئیے۔ محفل کو کامیاب بنانے میںبانی محفل آغا حسن جلالوی اور امامیہ سوسائٹی علی گڑھ کے سکریٹری سید توقیر رضا زیدی کا اہم کردار رہا۔پروگرام کا آغازتلاوت قرآن مجید اور حدیث کساءسے کیا گیا اور اپنی تقریر میں مولانا سید شباب حیدر نے حاضرین محفل کو خطاب کرتے ہوئے جناب فاطمہؑ کی عظمت پر گفتگو کی۔قارئین کے لئے منتخب اشعار حسبِ ذیل ہیں۔

آسماں پر مسجد قوسین کی محراب میں
جو پیمبر نے سنی ہے وہ اذاں ہیں فاطمہؑ
ڈاکٹر اصغر اعجاز قائمی جلالپوری
اپنی امت پر محمد مصطفےٰ ہیں مہرباں
اور محمد مصطفےٰ پر مہرباں ہیں فاطمہؑ
اظہر زیدی
ہم زمیں والے لکھیں گے کیا بھلا مدح بتول
آسماں در آسماں در آسماں ہیں فاطمہؑ
پروفیسر مہتاب حیدر نقوی
جس میں کھلتے ہیں نبوت اور امامت کے گلاب
عالم عصمت کا ایسا گلستاں ہیں فاطمہؑ
مولانا زاہد حسین
سیدہ کی بزم ہے دست طلب کیجیے دراز
آج اس محفل میں سب کے درمیاں ہیں فاطمہؑ
انجینئر معراج نشاط
روٹیاں جاتی ہیں ان کے ہاتھ کی فردوس تک
فاقہ کش ہوکر بھی کتنی شادماں ہیں فاطمہؑ
سید بصیر الحسن وفا نقوی
کوئی جو پوچھے اگر مجھ سے کہاں ہیں فاطمہؑ
ہاتھ رکھ کر قلب پر کہدو یہاں ہیں فاطمہؑ
اسلم خورشید
لہلہا کر کہہ رہا ہے گلشن اسلام آج
پھول میں غنچہ میںاور گل میںنہاں ہیں فاطمہؑ
سید محمد مہدی جلالوی
ان کے لہجے کی فصاحت اور بلاغت دیکھ کر
آیتیں کہتی ہیں میری ہم زباں ہیں فاطمہؑ
الحاج عزم ہلوری
جو محمد کو بلا کر حق نے بخشا عرش پر
منزلِ معراج کی وہ ارمغاں ہیں فاطمہؑ
محبوب ہلوری
نصف ایماں سے انھیں کے کل ایماں ہیں علیؑ
قصر عصمت کی چمکتی عز و شاں ہیں فاطمہؑ
سلطان حیدر نوگانوی
ہر مسلماں سوررہ کوثر تو پڑھتا ہے مگر
مختصر سورے کی پوری داستاں ہیں فاطمہؑ
منصف جلالوی
محفل میں شرکت کرنے والوں میںمظہر حیدر زیدی،ابن محمد خاں،محمد زہیر،آغا ظفر حسین،مدبر حسین،مصطفےٰ بلگرامی،خورشید بلگرامی،مولانا تقی،ابراہیم جلالی،محمد حسن گلو،سبط حیدر ،جون ،چاند میاں،صابر رضا،لخت عباس،محسن رضا،ناصر رضا،آفتاب حسین،سرفراز زیدی،مولانا سید علی ،پروین وغیرہ وغیرہ پیش پیش رہے۔
ای میل:wafanaqvi76@yahoo.com

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *