بہار کے لکھی سرائے میں نکسلیوں سے مسلح تصادم میں سیکورٹی اہلکار ہلاک

پٹنہ:بہار میں انتہا پسندی سے متاثرہ ضلع لکھی سرائے کے کجرا تھانہ حلقہ میں منگل کی رات دیر گئے نکسلیوں کے ساتھ تصادم کے دوران اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) کا ایک جوان ہلاک ہو گیا اس مسلح تصادم میں کچھ نکسلی بھی گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ اشوک کمار نے بتایا کہ گھوگھر وادی گاؤں کے قریب پہاڑی پر ممنوعہ تنظیم ہندوستان کی کمیونسٹ پارٹی (ماؤنواز) عسکریت پسندوں کے خلاف تلاشی مہم چلائی جا رہی تھی کہ دیر رات گھات لگا کر بیٹھے ماؤنوازوں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ اچانک ہوئے حملے میں ایس ٹی ایف کا جوان اجے کمار منڈل گولی لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
مسٹر کمار نے بتایا کہ تلاشی مہم میں سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)، ایس ٹی ایف اور ضلع پولیس بھی شامل تھی۔ انہوں نے بتایا کہ مارا جانے والا جوان بھاگلپور ضلع کے نوگچھیا کا رہائشی تھا۔ پولیس سپرنٹنڈنٹ کے مطابق جائے حادثہ پر جگہ جگہ خون کے دھبے ملے ہیں جس سے لگتا ہے کہ بڑی تعداد میں نکسلی بھی زخمی ہوئے ہیں جنہیں ان کے ساتھی جنگل کی طرف لے کرفرار ہو گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ماؤنواز حملہ سے پولیس گھبرانے والی نہیں ہے اور ان کے خلاف تلاشی مہم جاری رہے گی۔ اس درمیان واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایس ٹی ایف کے پولیس سپرنٹنڈنٹ سدیپ لانڈے پٹنہ سے جائے وقوعہ روانہ ہو گئے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Stf jawan killed in gun battle with naxlites in bihar in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply