مقتول انجینئیر کا جسد خاکی امریکہ سے حیدر آباد لے آیا گیا،سیاسی لیڈروں کا خراج عقیدت

حیدرآباد: حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے انجینئر سرینواس کوچی بوٹلہ جس کو امریکہ میں گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا ، کو مختلف سیاسی لیڈروں نے گھر پہنچ کر خراج پیش کیا۔کل شب اس کی لاش خصوصی طیارے کے ذریعہ امریکہ سے حیدرآباد لائی گئی۔ امریکہ کے کنساس کے اولاٹھے علاقہ میں فائل کے واقعہ میں سرینواس ہلاک ہوگیا تھا اور اس کا ساتھی زخمی ہوگیا تھا۔ یہ دونوں اس ملک میں قانونی طور پر مقیم تھے اور کام کررہے تھے۔ اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے آندھراپردیش کے وزیرپلے رگھوناتھ ریڈی نے کہاکہ حکومت آندھراپردیش کی طرف سے وہ اس واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔
انہوں نے دوٹوک انداز میں کہاکہ ایسے واقعات کا مستقبل میں اعادہ نہیں ہوناچاہئے۔انہوں نے مزید کہاکہ ٹرمپ حکومت کے ذمہ داری سنبھالنے کے بعد ایسے واقعات میں کافی اضافہ ہوگیا ہے۔حکومت اے پی نے اس سلسلہ میں قرارداد منظور کرتے ہوئے مرکز کو روانہ کیا ہے کہ ایچ ون ویزا کی منسوخی مناسب بات نہیں ہے۔مرکز سے خواہش کی گئی ہے کہ اس قرارداد کو امریکہ بھیجا جائے تاکہ وہ مقیم تلگو زبان بولنے والوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔ مسٹر ریڈی نے کہاکہ انہوں نے اس سلسلہ میں امریکہ میں مقیم تلگو نمائندوں سے بھی بات کی ہے اور ان سے خواہش کی کہ وہاں مقیم تلگوزبان بولنے والوں کے تحفظ اور ان کے مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایاجائے۔ تلنگانہ کانگریس کے سینئر لیڈرپنالہ لکشمیا نے بھی لاش کا دیدار کیا۔انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہاکہ ایسا واقعہ کسی بھی خاندان میں نہیں ہونا چاہئے۔امریکی حکومت کو چاہئے کہ وہ ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہونے دینے کے لئے سخت اقدامات کرے۔اس سلسلہ میں مرکزی حکومت کو امریکی حکومت سے بھی بات کرنے کی ضرورت ہے۔ نفرت اور امتیاز کے ماحول کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔

Title: srinivas kuchibotla body brought to hyderabad | In Category: ہندوستان  ( india )

Leave a Reply