گجرات بند کے دوران وسیع پیمانہ پر تشدد اور آتش زنی،مزید5دلتوں کا اقدام خود کشی وخود سوزی

احمد آباد: گجرات کے گر سومناتھ ضلع کے اونا تعلقہ کے موٹے سمڈھیانا گاؤں کے دلتوں کی مبینہ طورپر گﺅرکشکوں کے ذریعہ سرعام بے رحمی سے زد وکوب کرنے کی واردات کے خلاف احتجاج میں مختلف دلت تنظیموں کے زیر اہتمام ریاست گیر بند کے ملے جلے اثرات کے درمیان کئی مقامات پر بند حامیوں نے تشدد، پتھراؤ، توڑپھوڑ، چکاجام اور آتش زنی کی جبکہ پولیس نے اس سلسلے میں دو سو سے زیادہ افراد کو حراست میں لے لیا۔
علاوہ ازیں اسی واقعہ کے خلاف احتجاج میں دلتوں کا اقدام خودکشی کا سلسلہ بدھ کے روز بھی جاری رہا اور کم از کم مزید پانچ اور لوگوں نے ایسا کرنے کی کوشش کی۔ اونا میں ایک اور راجکوٹ کے دھوراجی میں دو لوگوں نے زہر پی کر جان دینے کی کوشش کی جبکہ بوٹاد میں دو لوگوں نے خودسوزی کی کوشش کی۔ سب کو اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو دنوں میں ایسا کوشش کرنے والے تقریبا ایک درجن لوگوں کو پہلے ہی اسپتالوں میں داخل کرایا جاچکا ہے۔ بند کے دوران پوربندر کے ایئر پورٹ روڈ پر بھیڑ نے ایک پرائیویٹ بس کو جلا دیا۔ شہر میں بھیڑ نے ڈی ایس پی سطح کے افسر کے دفتر اور گاڑی میں بھی توڑپھوڑ کی۔
ادھر بوٹاد میں بھیڑ نے ایک مسافر ٹرین اور سریندرنگر کے وڈھوانا میں ایک مالگاڑی کو روکنے کی بھی کوشش کی۔ بھاونگر میں بند حامیوں نے بورا مارکیٹ اور کچھ دوسری جگہوں پر جم کر توڑپھوڑ کی۔پوری ریاست میں کئی مقامات پر سڑک جام بھی کی گئی۔
وزیر اعلی محترمہ آنندی بین پٹیل کے آبائی شہر پاٹن میں بھیڑ نے ایک سنیما گھر اورکئی دیگر تجارتی اداروں پر پتھراؤکیا۔ انہوں نے کئی مقامات پر چکاجام بھی کر دیا۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Sporadic protests shutdown in gujarat cm anandiben meets dalits in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply