مسلم نوجوانوں کو ہراساں کئے جانے کی مہاراشٹر اسمبلی میں گونج

ممبئی :ر یاست مہاراشٹر کے پربھنی شہر میں مسلم نوجوانوں کو انسداد دہشت گرد دستہ کی جانب سے ہراساں کیئے جانے والے معاملے میں آج یہاں مسلم اراکین اسمبلی نے برہمی کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ بے جا گرفتاریوں پر فوری روک لگائی جائے نیز اسمبلی کے جاری اجلاس کے دوران جب سماج وادی پارٹی رکن اسمبلی ابو عاصم اعظمی نے یہ معاملہ اٹھانے کی کوشش کی تو اسپیکر نے اسے مسترد کردیا اور جب کانگریس کے اراکین اسمبلی محمد عارف نسیم خان اور امین پٹیل اس کی حمایت میں کھڑے ہو ئے تو اسپیکر نے انہیں بھی بولنے کی اجازت نہیں دی۔
ایوان کی کارروائی کے بعد ابو عاصم اعظمی نے اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحقیقات کی آڑ میں مسلم نوجوانوں کی گرفتاریوں پر سخت لفظوں میں احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ بغیر پختہ ثبوت کے کسی بھی نوجوان کو گرفتار نہ کیا جائے۔
سابق اقلیتی امور وزیر محمد عارف نسیم خان نے بھی اس سلسلہ میں اخبار نویسیوں سے گفتگو کی اور بتایا کہ گذشتہ دنوں شیو سینا رکن اسمبلی راہول پاٹل نے یہ شوشہ چھوڑا تھا کہ مراٹھواڑہ سے سو مسلم نوجوان گمشدہ پائے گئے ہیں اور وہ تما م آئی ایس ائی ایس کی ٹریننگ کے لیئے ملک سے باہر گئے ہوئے ہیں۔
نسیم خان نے کہا کہ سینا رکن اسمبلی کے اس الزام کی جب انہوں نے تحقیقات کی تو کسی بھی نوجوان کے گمشدہ ہونے کی کسی بھی پولس تھانے میں رپورٹ درج کیئے جانے کے ثبوت نہیں حاصل ہوئے اسطرح سے سینا رکن اسمبلی نے ایک شوشہ چھوڑا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے گرفتاریوں کے تعلق سے رہنمایانہ اصول مرتب کیے ہیں اس کے مطابق کارروائی کی جانی چاہئے اور جب تک یہ ثابت نہ ہوجائے کہ نوجوان غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہے تب تک اس کے خلاف کارروائی نہیں کی جائے اور اگر کارروائی ضروری ہے تو علاقے کے معززین اور متعلقہ نوجوان کے والدین کو مطلع کیا جائے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Sp accuses maharashtra govt of misusing islamic state issue to spread fear among muslims in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply