سپریم کورٹ کا فیصلہ سنی وقف بورڈ کے حق میں آبھی جائے تب بھی بابری مسجد متنازعہ مقام پر تعمیر نہیں ہو سکتی:چیرمین یوپی شیعہ وقف بورڈ

لکھنؤ:ترپردیش شیعہ سینٹرل وقف بورڈ کے چمیرمین وسیم رضوی نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ نے اجودھیا میں سرجو ندی کے ساحل پر بھگوان رام کا 100میٹر اونچی مورتی بنانے کا جو منصوبہ بنایا ہے تو اس کے لیے یوپی شیعہ وقف بورڈ 10نقرئی تیر دے گا۔
اس ضمن میں انہوں نے یوگی کو ایک مکتوب بھی ارسال کیاہے۔جس میں انہوںنے لکھا ہے کہ بھگوان رام کا بت ہندوستانیوں کے لیے باعث صد افتخار ہو گا اور اس سے اترپردیش عالمی نقشہ پر آجائے گا۔
بابری مسجد کے حوالے سے وسیم رضوی نے کہا کہ ملک میں اتحاد،مسلمانوں کے تحفظ اور بھائی چارہ برقرار رکھنے کیلئے اجودھیا میں متنازع بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر کی تعمیر ہونا ضروری ہے۔ بورڈ کے چار بار سے لگاتار چیئرمین رہے وسیم رضوی نے بابری مسجد پر اپنے بورڈ کے مالکانہ حق کا دعویٰ بھی کیاہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اس مسجد کو بابر کی فوج کے شیعہ کمانڈر میر باقی نے تعمیر کرایا تھا۔اسلئے اس پر پہلا حق شیعہ مسلمانوں کا بنتا ہے،لیکن ملک میں اتحاد،مسلمانوں کے تحفط اور بھائی چارہ بنائے رکھنے کیلئے شیعہ سینٹرل وقف بورڈ چاہتاہے کہ مسجد کی جگہ پر رام مندر کی تعمیر ہو۔
ایک سوال کے جواب میں مسٹررضوی نے یو این آئی سے کہا کہ بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی)،سماج وادی پارٹی(ایس پی)کی سرکاروں میں ان کا منہ سرکاری وجوہات سے بند تھا مگر اب ان کو بولنے کی آزادی ہے۔
اسلئے انہوں نے مسلمانوں کے تحفظ،بھائی چارہ اور ملک میں اتحاد کیلئے بابری مسجد کی جگہ پر رام مندر تعمیر کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سپریم کورٹ کا فیصلہ سنی وقف بورڈ کے حق میں آبھی جائے تو وہاں مسجدکی تعمیر ممکن نہیں ہے۔
انہوں نے اپنی بات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ عدالت کے حکم کے باوجود کوئی بابری مسجد کو ٹوٹنے سے نہیں بچاپایا۔ مسٹر رضوی نے بتایا کہ اسلام کے قانون کے مطابق کوئی شخص یا ادارہ مسجد کا مالک نہیں ہوسکتا۔انہوں نے واضح کیاکہ مسجد کا مالک تو اللہ ہی ہوتا ہے،لیکن جب مسجد فساد کا سبب بن جائے تو اس کو چھوڑ دینا ہی ٹھیک ہوتاہے۔
انہوں نے پیغمبر اسلام کی زندگی میں خود ان کے ذریعہ توڑی گئی ایسی ہی مسجد کا حوالہ دیا،انہوں نے کچھ ایسے فتووں کا بھی حوالہ دیا جن میں کہا گیا ہے کہ مسجد فساد کی جگہ پر نہیں ہونا چاہئے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Shia waqf board to gift 10 silver arrows for ram statue in ayodhya in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply