کشمیر میں بغاوت کچلنے کے لیے کشمیریوں کو تمل ناڈو کے پناہ گزین کیمپوں میں منتقل کردیا جائے: سبرا منیم سوامی

نئی دہلی:بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر اور ممبر پارلیمنٹ سبرامنیم سوامی نے کہا ہے کہ کشمیر کے مقامی لوگوں کو تامل ناڈو کے پناہ گزین کیمپوں میں منتقل کرکے وہاں جاری بغاوت کو کچلا جاسکتا ہے۔ متنازعہ بیانات کے لئے مشہور سبرامنیم سوامی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ وادی کشمیر میں جاری بغاوت کا حل یہ ہے کہ انہیں اسی طرح وہاں سے نکال دیا جائے جیسے کشمیری ہندوؤں (کشمیر پنڈتوں) کو وہاں سے نکالا گیا تھا۔ انہیں کچھ برس تمل ناڈو کے پناہ گزین کیمپوں میں رکھا جائے‘۔
بی جے پی لیڈر کا یہ ٹوئٹ وادی کے درجنوں اعلیٰ تعلیمی اداروں میں احتجاجی مظاہروں کے ایک روز بعد سامنے آیا۔ خیال رہے کہ وادی کے درجنوں تعلیمی اداروں بالخصوص ڈگری کالجوں میں پیر کے روز شدید احتجاجی مظاہرے بھڑک اٹھے جس کے دوران سیکورٹی فورسز نے متعدد کالجوں میں احتجاجی طلباء کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج، پانی کی بوچھار اور آنسو گیس کا بڑے پیمانے پراستعمال کیا۔ طلباء اور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والی ان جھڑپوں میں قریب دو درجن طالب علم اور متعدد سیکورٹی فورس اہلکار زخمی ہوگئے۔
وادی میں طلباء کی جانب سے یہ احتجاجی مظاہرے سیکورٹی فورسز کی جانب سے 15 اپریل کو ڈگری کالج پلوامہ میں طالب علموں کے خلاف مبینہ طور پر طاقت کے استعمال کے خلاف کئے گئے تھے۔ ڈگری کالج پلوامہ میں 15 اپریل کو طلباءاور سیکورٹی فورسز کے مابین ہونے والی پرتشدد جھڑپوں میں قریب 60 طالب علم زخمی جبکہ 20 طالبات بے ہوش ہوگئی تھیں۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Send kashmiris to refugee camps in tamil nadu to curb protest subramaniam swamy in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply