لالو یادو نے راجیہ سبھا کے لیے میسا بھارتی اور رام جیٹھ ملانی کو آر جے ڈی امیدواربنایا

نئی دہلی: راشٹریہ جنتا دل کے صدرلالو پرساد یادو نے اپنی بڑی بیٹی میسا بھارتی اورملک کے معروف اور معمر وکیل رام جیٹھ ملانی کو راجیہ سبھا کے لیے بہار سے آر جے ڈی امیدوار بنانے کا اعلان کر دیا۔
میسا پٹنہ میڈیکل کالج سے ایم بی بی ایس ہیں اور گذشتہ چند سالوں سے پارلیمنٹ میں بہار کی نمائندگی کی کوشش کر رہی تھیں۔انہوں نے 2014کا الیکشن بھی اسی امید پر لڑا تھا لیکن مودی لہر کے باعث ہار گئی تھیں۔رام جیٹھ ملانی نے بھی اتوار کے روز اس بات کی تصدیق کر نے کے بعدکہ وہ بہار کے سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد یادو کی پارٹی راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے امیدوار کے طور پر راجیہ سبھا میں جائیں گے پیر کو کاغذات نامزدگی داخل کرنے کی تیاری شروع کر دی۔
اسی دوران بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) نے بھی راجیہ سبھا کے لیے اپنے امیدواروں کی فہرست کو حتمی شکل دے دی۔ اس کی فہرست میں وینکیا نائیڈو، اوم پرکاش ماتھر، ہرش وردھن سنگھ، پیوش گوئیل ،نرمل سیتا رمن، مختار عباس نقوی، رام کے ورما، گوپال نارائن سنگھ، انل مادھو، رشوتم روپالا، چودھری بریندر سنگھ اور رام وچار نیتم شامل ہیں۔راشٹریہ لوک دل کے سربراہ اجیت سنگھ بھی راجیہ سبھا جانے کے متمنی ہیں ۔اس لیے انہوں نے اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے لیے حکمراں سماج وادی پارٹی کے ساتھ انتخابی سمجھوتے کو راجیہ سبھا میں اپنی سیٹ سے مشروط کر دیا ہے۔
اسی حوالے سے سماج وادی پارٹی لیڈر او ر پارٹی سربراہ ملائم سنگھ یادو کے بھائی شو پال یادو اجیت سنگھ سے ملاقات کرنے اتوار کے روز ان کی رہائش گاہ پہنچے اس کے تھوڑی ہی دیر بعد اجیت سنگھ ایس پی سربراہ ملائم سنگھ سے ملاقات کرنے ان کی رہائش گاہ گئے۔اس ملاقات کے بعد اس بات کے امکانت ہو گئے ہیں کہ اجیت سنگھ سماج وادی کی مدد سے راجیہ سبھا پہنچ جائیںگے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Rjd nominate misa and jethmalani for rs in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply