شمال مشرقی خطہ کا زیادہ تر حصہ انتہاپسندی سے پاک کر دیا گیا:راج ناتھ

نئی دہلی:مرکز ی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں سیکورٹی کی صورت حال میں قابل ذکر سدھار ہوا ہے اور اس خطے کا بیشتر حصہ انتہاپسندی سے پا ک کیا جا چکا ہے۔ مسٹر سنگھ نے آج یہاں شمال مشرقی علاقے سے متعلق امور پر میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ میٹنگ میں شمال مشرقی خطہ ترقیات کے وزیر مملکت جتیندر سنگھ ، داخلہ کے وزیر مملکت کرن رجیجو ، قومی سلامتی مشیر اجیت ڈوبھال اور مرکزی حکومت اور شمال مشرقی ریاستوں کے افسران موجود تھے۔ مسٹر سنگھ نے کہا کہ شمال مشرقی خطہ میں غیر قانونی ہتھیاروں کا پھیلاو بڑی تیزی سے بڑھا ہے۔ حالانکہ ا س خطے کا بڑا حصہ انتہاپسندی سے آزاد ہوچکا ہے لیکن اتنی بڑی تعداد میں غیر قانونی ہتھیاروں کی موجودگی کی وجہ سے جرائم کی تعداد زیادہ ہے۔ انہوں نے شمال مشرق کے تمام ریاستوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر قانونی ہتھیاروں کے تاجروں اور انہیں رکھنے والے لوگوں کے خلاف منظم مہم چلائیں۔
.مسٹر سنگھ نے کہا کہ انتہاپسندی کے خلاف موثر پالیسی، ترقی رخی منصوبوں اور پڑوسی ملکوں کے ساتھ بہتر تعلقات کی وجہ سے حالات میں کافی سدھار ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ علاقوں میں اگر مسلح گروہ انتہاپسندی کی آڑ لے کر وصولی اور اغوا جیسی سرگرمیوں میں ملوث ہے اور سرحدوں سے غیر قانونی ہتھیاروں ، منشیات اور جعلی ہندوستانی کرنسی کی اسمگلنگ ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرحد کے علاقوں میں پولیس کو ترجیح دیتے ہوئے ہمیں خاطر خواہ تعداد میں تھانے قائم کرنے ہوں گے۔ اس سے سرحد پر ہونے والے جرائم میں کمی آئے گی اور ساتھ ہی دور دراز کے علاقوں میں رہنے والے لوگوں کے دلوں میں سیکورٹی کا احساس پیدا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ شدت پسندی سلامتی کے لئے مستقبل کے خطرات کے ایک اہم چیلنج کے طور پر سامنے آئی ہے اور اگر اسے روکا نہیں گیا تو یہ دہشت گردی کی شکل اختیار کرلے گی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ شدت پسندی پھیلانے والے لوگوں کی شناخت ضروری ہے۔ ان کے کچھ ایجنٹ مذہب کی آڑ میں یہ کام کررہے ہیں جب کہ کچھ غیر سرکاری تنظیمیں اور لوگ سماجی ، ثقافتی اور تعلیمی ترقی کے نام پر یہ کام کررہے ہیں۔ مسٹر سنگھ نے ان کی سرگرمیوں پر نگاہ رکھنے اور ضرورت ہونے پر پہلے سے ہی کارروائی کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہاکہ کچھ ایجنٹوں کو بیرونی ملکوں سے رقم ملتی ہے۔ غیر ملکی فنڈ کے ان کے ذرائع اور استعمال پر بھی نگاہ رکھنے کی ضرورت ہے۔

Title: religious radicalisation biggest threat in northeast if not checked rajnath | In Category: ہندوستان  ( india )

Leave a Reply