آندھرا پردیش اور تلنگانہ میںماہ رمضان کی27ویں شب نہایت عقیدت و احترام سے منائی گئی

حیدرآباد :تلنگانہ اور آندھراپردیش کی تمام مساجد، زیارت گاہوں اور خانقاہوں میں شب قدر کے سلسلے میں عظیم الشان اور روح پرور اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ لاکھوں کی تعداد میں لوگ رات بھر شب خوانی، ذکر واذکار، قرآن خوانی، درودو سلام، نمازوں کی ادائیگی اوردینی محافل میں مصروف رہے۔ علمائے کرام نے لیلتہ قدر اور ماہ رمضان المبارک کی فضیلت پر روشنی ڈالی۔شب قدرکے سلسلے میں باوقار اور روح پرور اجتماعات تلنگانہ کے دارالحکومت شہر حیدرآباد میں دیکھے گئے جہاں شب قدرکی مناسبت سے مساجد کو روشنیوں سے منور کیا گیا تھا۔ حیدرآباد کے علاوہ دونوں ریاستوں کے اضلاع کی مساجد ‘ خانقاہوں ‘ زیارت گاہوں میں شب بیداری کی خاص تقاریب ہوئی جس میں بارگاہ ایزدی میں سربسجود ہوکر وسعت رزق ‘ صحت و سلامتی اور مغفرت کی دعائیں طلب کی گئیں۔ لاکھوں کی تعداد میں لوگ رات بھر شب خوانی، ذکر واذکار، قرآن خوانی، درودو سلام، نمازوں کی ادائیگی اوردینی محافل میں مصروف رہے۔
بڑے پیمانہ پر جلسے ہائے تلاش شب قدرمختلف تنظیموں کی جانب سے منعقد کئے گئے۔ ان روح پرور مجالس اور جلسوں میں لاکھوں افراد نے شرکت کرتے ہوئے استفادہ کیا۔ نامور علما کرام ومشائخین عظام نے فضیلت شب قدرپر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے نوجوانوں کو اسلامی تعلیمات پر عمل کرنے کی تلقین کی۔علما نے امت مسلمہ کے مسائل اور دین سے دوری کے سبب ہورہی ناکامیوں کا احاطہ کرتے ہوئے اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھام لینے کی تلقین کی۔ علما نے اسلامی شعائر اور دین کی بنیادی تعلیمات سے ناواقفیت ، بے راہ روی کے بڑھتے ہوئے منفی رحجانات، گھریلو تشدد، منشیات کی وبا اور دین کی آڑ میں بے دینی کو فروغ دینے کی منظم کوششوں پر فکر و تشویش کا اظہار کرتے معاشرہ کی ہمہ جہت اصلاح کیلئے والدین ، اساتذہ ،معزز شہریوں اور سماج کے باشعور افراد سے تعاون طلب کیاتاکہ ہماری نئی نسل کا دینی اورتعلیمی مستقبل روشن اور درخشاں ہو اور ایک اسلامی و فلاحی معاشرہ وجود میں آسکے۔
علما نے رمضان المبارک کے اس آخری عشرہ میں شب قدر کی اہمیت اور فضیلت پر تفصیلی طور پر عالمانہ طرز و انداز میں تشریح کی دونوں جڑواں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کی مختلف مساجد میں جلسہ ہائے شب قدر منعقد کئے گئے۔اس موقع پر مساجد کو روشنیوں سے منور کیا گیا تھا۔ان محافل میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔پولیس کی جانب سے احتیاطی طورپر سیکورٹی کے وسیع انتظامات کئے گئے تھے۔شہر حیدرآباد کے اہم حساس علاقوں میں مسلح دستے تعینات کئے گئے تھے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Ramadanshab e qadr observed in andhra pradesh and telngana in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply