این ڈی اے نے بہار کے گورنر کووند کو اپنا صدارتی امیدوار بنایا

نئی دہلی:بہار کے گورنر رام ناتھ کووند قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کے صدارتی امیدوار ہوں گے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر امت شاہ نے یہاں پارٹی پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے بعد پارٹی ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس میں اس کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس فیصلے سے این ڈی اے کے تمام ساتھیوں کو مطلع کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس صدر سونیا گاندھی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ کو بھی امیدوار کے نام سے آگاہ کر دیا ہے۔
مسٹر شاہ نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ مسٹر کووند کو الیکشن میں تمام سیاسی جماعتوں کی حمایت مل جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں بی جے پی اور این ڈی اے نے مختلف جماعتوں کے ساتھ صدارتی امیدوار کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا۔ اس سے سامنے آئے خیالات کی بنیاد پر آج پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں طویل فہرست پر غور وخوض کیا گیا اور آخر میں بہار کے گورنر رام ناتھ کووند کا نام طے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر کووند کا تعلق درج فہرست ذات سے ہے اور 12 سال تک راجیہ سبھا کے رکن رہے ہیں۔
وہ بی جے پی درج فہرست ذات سیل کے سربراہ بھی رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں وکالت بھی کر چکے ہیں۔ بی جے پی صدر نے کہا کہ نامزدگی داخل کرنے کی تاریخ مسٹر کووند سے بات چیت کر نے کے بعد طے کی جائے گی لیکن امکان ہے کہ 23 جون کو کاغذات نامزدگی داخل کر دیا جائے گا۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Ram nath kovind the man who could be indias next president in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply