عنقریب پیلٹ گن کا متبادل تلاش کرلیا جائے گا:راج ناتھ

سری نگر:(یو این آئی) وادی کشمیر میں گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے زیادہ عرصہ سے جاری تشدد کے درمیان حالات کا جائزہ لینے یہاں پہنچے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ مرکزی حکومت اگلے دو سے چار دن میں پیلٹ گن کا متبادل تلاش کرلے گی۔
مسٹر سنگھ نے جموں و کشمیر کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی کے ساتھ میٹنگ کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ اگلے دو سے چار دن میں ہم پیلٹ گن کا متبادل تلاش کریں گے کیوں کہ کم جان لیوا متبادل کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے سیکورٹی فورسیز سے پیلٹ گن کا استعمال کرنے سے حتی الامکان گریز کرنے کے لئے کہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو نوجوان بہکاوے میں آکر پتھراٹھاتے ہیں انہیں سمجھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے نوجوانوں اور بقیہ ہندوستان کا مستقبل آپس میں جڑا ہوا ہے۔
جن نوجوانوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ اور کتابیں ہونی چاہئے ان کے ہاتھوں میں پتھر دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے اور ایسے نوجوانوں کو صحیح راستے پر لایا جانا چاہئے تاکہ ان کا مستقبل بہتر بنایا جاسکے۔ مسٹر سنگھ نے وادی کشمیر میں امن بحالی کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ وادی میں معمولات زندگی بحال کرنے کے لئے تما م جماعتوں کے مرکزی نمائندوں کو ریاست میں بھیجا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم صورت حال کا جائزہ اور وادی میں معمولات زندگی بحال کرنے کے لئے کل جماعتی وفد بھیجنے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔ ہم وادی کی موجود ہ صورت حال سے غم زدہ ہیں اور اس لئے گذشتہ ایک ماہ میں دوسری مرتبہ یہاں آیا ہوں۔ میں نے سیاسی جماعتوں کے نمانئدوں سمیت 300افراد سے ملاقات کی۔ تمام لوگ امن اور ترقی چاہتے ہیں اور میں تمام لوگوں سے نوجوانوں کے مستقبل سے کھلواڑ نہ کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔
علیحدگی پسند لیڈروں کے بارے میں وزیر داخلہ نے کہا کہ دہلی سے سری نگر کے لئے روانہ ہونے سے پہلے میں نے کہا تھا کہ میں انسانیت’ جمہوریت اور کشمیریت کو ماننے والے لوگوں سے بات چیت کرنے کے لئے ہر وقت تیار رہوں گا۔انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسیز کو وادی کشمیر میں احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے میں کے لئے تحمل سے کام لینے کی ہدایت دی گئی ہے اور وہ تحمل سے کام لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پیلٹ گن کا متبادل تلاش کرنے کے لئے ماہرین کی ایک کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔ حالانکہ کمیٹی کو رپورٹ دینے کے لئے دو ماہ کا وقت دیا گیا تھا لیکن اب وہ اگلے چند دنوں میں رپورٹ سونپ دے گی۔ ریاست کی وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے کہا کہ نوجوانوں کو پتھراو کے لئے بہکانے والے اور ترقی چاہنے والوں کی شناخت کرنی ہوگی۔
انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ تشدد سے دور رہیں اور کہا کہ پتھراؤ کرنے اور سیکورٹی فورسیز کے کیمپوں کو نشانہ بنانے سے کوئی حل نہیں نکل سکتا۔ وزیر داخلہ وادی میں حزب المجاہدین کے کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد نوجولائی سے جاری تشدد کے درمیان حالات کا جائزہ لینے کے لئے ریاست کے دو روزہ دورے پر ہیں۔ انہوں نے ریاست کے سابق وزیر اعلی عمر عبداللہ سے بھی ملاقات کی۔ مسٹر راج ناتھ کا ایک ماہ میں کشمیر کا یہ دوسرا دورہ ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Rajnath singh says alternatives to pellet guns in few days in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply