وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے مالیاتی شعبہ میں سائبر جرائم کی روک تھام کے اقدامات کا جائزہ لیا

نئی دہلی:(یواین آئی)مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے مالیاتی شعبہ میں سائبر جرائم کی روک تھام کے اقدام کا آج یہاں جائزہ لیا۔ مسٹر سنگھ کی صدارت میں ہوئی اس میٹنگ میں سائبر جرائم کی روک تھام میں مصروف سبھی ایجنسیوں اور ریاستوں کے نمائندے شامل تھے۔مسٹر سنگھ نے اس موقع پرڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈوں اور خاص طور سے ای والیٹ کے استعمال میں بڑے پیمانے پر ہورہی دھوکہ دہی پر سخت تشویش ظاہر کی۔مختلف ایجنسیوں کے نمائندوں نے ایسے جرائم اور انکی روک تھام کے لئے کئے جارہے اقدامات سے وزیر داخلہ کوآگاہ کرایا۔
میٹنگ میں سائبر جرائم پر روک لگانے کے لئے قانونی اور ٹکنالوجی دونوں سطح پر موثر اقدامات کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔اس کے لئے اس مہم سے جڑے سبھی فریقوں جیسے پولیس افسران ،قانونی اہلکاروں ،فورنسک سائنس دانوں اور بینکنگ شعبہ کے اہلکاروں کو زیادہ باصلاحیت بنائے جانے کی ضرورت بھی بتائی گئی۔ اس کے ساتھ ہی سائبر جرائم کی روک تھام کے اقدامات کو تیزی سے نافذ کرنے اور سائبر جرائم کی جانچ کے لئے جدیدترین فورنسک آلات حاصل کئے جانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
مسٹر سنگھ نے سائبر جرائم کی روک تھام کے لئے سبھی ایجنسیوں کو بہتر تال میل کے ساتھ مقررہ مدت میں اپنا کام پورا کرنے کا حکم دیا۔میٹنگ میں روک تھام کی کوششوں کی نگرانی کے لئے ایک بین وزارتی کمیٹی تشکیل دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ میٹنگ میں مرکزی داخلہ سکریٹری ،مالی امور کے سکریٹری ،خفیہ بیورو کے ڈائریکٹر،دہلی پولیس کے کمشنر اور سائبر سکیورٹی کے قومی کوآرڈی نیٹر بھی موجود تھے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Rajnath singh reviews measures to check cybercrime in financial sector in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply