وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے سینٹرل انفارمیشن کمیشن کے اجلاس کا افتتاح کیا

نئی دہلی:مرکز وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج یہاں مرکزی اطلاعاتی کمیشن (سی آئی سی) کے دو روزہ گیارہویں سالانہ کنونشن کا افتتاح کیا۔ اپنے افتتاحی خطاب میں مسٹر راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ حق اطلاعات قانون (آر ٹی آئی) شہریوں اور حکومت کے درمیان دو طرفہ مواصلت کا ایک طاقتور وسیلہ ہے۔ ایک طرف جہاں ملک کے شہری اس قانون کے وسیلے سے اطلاعات حاصل کرتے ہیں، وہیں دوسری جانب حکومت عوام دوست پالیسی بنانے اور حکمرانی کے نظام میں اصلاحات کے لئے نئے نئے خیالات سے واقف ہوتی ہے۔
حکومت کو اس کا موثر طریقے سے استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کے سبھی پروگراموں کو کامیاب بنانے کے لئے سرکاری نظام کو بدعنوانی سے پاک، اسمارٹ، حساس، شفاف اور جوابدہ ہونا چاہیے اور آر ٹی آئی اس سلسلے میں ایک اہم رول ادا کرسکتا ہے۔ آر ٹی آئی قانون اعتماد اور تعاون کے جذبے کو ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے جو کہ اعتماد پر مبنی حکمرانی کے لئے اہم ہے۔ مسٹر راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ’مائی جی اووی ڈاٹ ان‘(‘My Gov.in’) ویب سائٹ جیسے پروگرام حکومت اور شہریوں کے مابین دو طرفہ رابطے کے لئے ایک پلیٹ فارم دستیاب کراتے ہیں۔ اس سے شہریوں اور حکومت دونوں کو فائدہ ہوتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’ٹاپ۔ڈاؤن‘ (یعنی اوپر سے نیچے کی طرف آنا) کا نقطہ نظر اب ’ باٹم۔ اپ‘ (یعنی نیچے سے اوپر کی طرف جانا) کے نظریئے میں تبدیل ہورہا ہے۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ اب زیادہ سے زیادہ ممکنہ اطلاعات سرکاری محکموں اور ایجنسیوں کی ویب سائٹوں پر دستیاب کرائی جارہی ہیں۔ اس تبدیلی نے آر ٹی آئی قانون کے وجود میں آنے کے بعد سے رفتار پکڑ لی ہے۔ انہوں نے وزیراعظم کی اس بات کو دہرایا جس میں انہوں نے گذشتہ سال کہا تھا کہ ’ڈیجیٹل انڈیا‘ کا خواب شفاف حکومت کے نظریئے سے گہرے طور پر مربوط ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ حکومت جتنی زیادہ سے زیادہ معلومات آن لائن دستیاب کراتی ہے، حکومت کی شفافیت اس حد تک بڑھتی جاتی ہے۔وزیرداخلہ نے ’انٹی گریٹیڈ ریسپانس سسٹم‘ یعنی مربوط جوابدہی نظام کی ضرورت پر بھی زور دیا جہاں ہر شہری کو ایک ہی جگہ پر اپنی سبھی ضرورتوں کی تکمیل کی سہولت دستیاب ہوتی ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Rajnath singh inaugurtes convention of central information commission in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply