دہلی کے شیواجی برج کے قریب راجدھانی ایکسپریس کا انجن و ایک ڈبہ پٹری سے اتر گیا

نئی دہلی: ملک میں ٹرین حادثات کے واقعات ہیں کہ تھمنے میں نہیں آرہے ۔ ابھی تک تو ہفتہ دس روز میں ایک حادثہ ہوا کرتا تھا لیکن اب تو روز انہ اور جمعرات کو تو حد ہی ہو گئی ایک ہی دن میں دو ٹرینیں پٹری سے اتر گئیں۔اترپردیش کے سون بھدرا میں جمعرات کی صبح شکتی پنج کے سات ڈبے پٹری سے اترنے کی گونج تھمی بھی نہیں تھی اور اس روٹ پر ریل ٹریفک شروع بھی نہیں ہوا تھا کہ قومی دارالحکومت دہلی میں اس وقت ایک ٹرین حادثہ ہو گیا جب رانچی سے دہلی آرہی راجدھانی ایکسپریس کا انجن اور پاور کوچ پٹری سے اتر گئے۔ لیکن خوش قسمتی سے شکتی پنج ایکسپریس حادثہ کی طرح اس حادثہ میں بھی کسی قسم کے جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔ حادثہ نئی دہلی ریلوے اسٹیشن کے قریب شیواجی برج کے قریب پیش آیا۔ شمالی ریلوے کے رابطہ عامہ کے چیف افسر نیرج شرما نے کہا کہ ٹرین کا صرف انجن اور ایک ڈبہ پٹری سے اترا ہے۔ یہ حادثہ تقریبا پونے بارہ بجے پیش آیا۔ اس میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ وہ تو شکر ہے کہ جائے حادثہ سے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن محض ایک کلو میٹر کی دوری پر ہے جس کے باعث130تا 140کلومیٹر فی گھنٹے کی رفتار سے دوڑنے والی ٹرین رینگ رہی تھی۔ورنہ اگر یہ حادثہ دو گھنٹے پہلے ہوا ہوتا تو اس وقت ٹرین ہاتھرس اور دہلی کے درمیان تیز رفتار سے چل رہی ہوتی ہے اور کافی جانی نقصان ہوا ہوتا۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Rajdhani express engine power coach derails in delhi in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply