آئندہ لوک سبھا اور اس سے پہلے ہونے والے تمام اسمبلی انتخابات کانگریس جیتے گی: راہل گاندھی کا دعویٰ

نئی دہلی: کانگریس صدر راہل گاندھی نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی پارٹی کانگریس نہ صرف2019 کے عام انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی بلکہ اس سے قبل ہونے والے تمام اسمبلی انتخابات میں بھی زبردست کامیابی حاصل کرے گی اور اس کا آغاز آئندہ ماہ ہونے والے کر ناٹک اسمبلی انتخابات اور اس کے بعد راجستھان، مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو کراری شکست دے کر کیا جائے گا ۔مجموعی طور پر راہل گاندھی نے دہلی کے رام لیلا میدان میں اپنی ریلی کو عام انتخابات کے لئے نتخابی مہم چھیڑنے سے زیادہ پارٹی کارکنوں کا مورال بلند کرنے کے لیے استعمال کیا ۔انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی پر جھوٹے وعدے کرنے کا الزام لگاتے ہوئے بی جے پی قیادت والی این ڈی اے حکومت کو ہر محاذ پر ناکام قرار دیا اورکہا کہ اب جو بھی اسمبلی و پارلیمانی انتخابات ہوں گے ان میں کانگریس پارٹی کی ہی جیت ہوگی۔ اس ریلی سے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ اور سابق کانگریس صدر سونیا گاندھی نے بھی مودی حکومت کی کڑی تنقید کی۔ سونیا گاندھی نے مرکزی حکومت پر سماج کو فرقہ وارانہ و طبقاتی خطوط پر تقسیم کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ سرکاری اداروں کے ذریعے سیاسی مخالفین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ محترمہ گاندھی نے کہا کہ جو لوگ ہماری گنگا جمنی تہذیب کو تباہ کرنا چاہتے ہیں ہم ان کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک مشکل دور سے گزر رہا ہے۔ اس کے پیش نظر ہم وطنوں کو متحد ہونے اور محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے کہا کہ مودی حکومت نے چار سال پہلے کیے گئے وعدوں میں سے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا اس لیے ر راہل گاندھی کی قیادت میں ملک میں تبدیلی لانے کا وقت آ گیا ہے۔ منموہن سنگھ نے کہا کہ چار سال پہلے مودی حکومت نے وعدہ کیا تھا کہ وہ حکومت میں آتے ہی ملک میں 2 کروڑ سے زیادہ روزگار دستیاب کر ائیں گے لیکن روزگار کے مواقع ملنے یا روزگار بڑھنے کے بجائے ملک میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ سابق وزیر اعظم نے مودی حکومت کو کسان مخالف بتاتے ہوئے کہا کہ کسان قرض کے بوجھ سے دبے جا رہے ہیں۔ ہر طرف سے قرض معاف کرنے کی آوازیں اٹھ رہی ہیں لیکن یہ آواز نقار خانے میں طوطی کی صدا ثابت ہو رہی ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Rahul gandhi says congress will win the coming assembly polls and the lok sabha election too in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News
Tags:

Leave a Reply