پوکھرن ایٹمی دھماکہ کے لیے مودی نے سابق وزیر اعظم باجپئی کے حوصلہ کی ستائش کی

نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے نیشنل ٹیکنالوجی ڈے پر ہم وطنوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے پوکھرن ایٹمی تجربہ کے لئے سابق وزیر اعظم اٹل بہاری باجپئی کے جرات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی جگہ کوئی کمزور وزیر اعظم ہوتا تو وہ خوف زدہ ہو جاتا۔ وزیر اعظم نے آج ٹویٹ کر کے کہا کہ پوکھرن تجربہ نے دنیا کو ہندوستان کی طاقت کا احساس کرایا تھا۔ مسٹر مودی نے ایک تقریر میں کہا کہ پہلے ٹیسٹ کرنے پر عالمی برادری نے ہندوستان کے خلاف پابندی عائد کر دی تھی لیکن مسٹر واجپئی نے 13 مئی 1998 کو دوسرا ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ لیا۔سابق وزیر اعظم نے ثابت کر دیا تھا کہ وہ کسی اور مٹی کے بنے ہیں۔
اگر ان کی جگہ کوئی کمزور وزیر اعظم ہوتا تو وہ اسی دن خوف زدہ ہوگیا ہوتا۔ مسٹر مودی نے کہا، ‘ نیشنل ٹیکنالوجی ڈے پر عام لوگوں کو اور بالخصوص سائنسدانوں کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے لکھا’ ہم اپنے سائنسدانوں اور اس وقت کی سیاسی قیادت کے تئیں شکر گزار ہیں جنہوں نے 1998 ءمیں پوکھرن میں جرات کا مظاہرہ کیا‘۔ مسٹر مودی نے اس ٹیسٹ میں ہندوستانی سائنسدانوں کے شراکت کی تعریف کی۔انہوں نے نیوکلیائی تجربہ کو خفیہ رکھنے کے لئے پوکھرن کے باشندوں کی بھی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک کے مفاد کو فوقیت دی۔ قابل غور ہے کہ نیوکلیائی تجربہ کرکے سائنس اور ٹیکنالوجی کے میدان میں دنیا میں ہندوستان کا لوہا منوانے کے لئے 1999 سے ہی 11 مئی کو نیشنل ٹیکنالوجی ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے۔

Title: prime minister narendra modi praise atal bihari vajpayee | In Category: ہندوستان  ( india )
Tags: ,

Leave a Reply