جے للتا کے انتقال پر صدر، وزیر اعظم و تمام سیاسی لیڈروں کا اظہار تعزیت

نئی دہلی:صدر جمہوریہ ہند پرنب مکھرجی ، نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری، وزیر اعظم نریندر مودی، ریاستی گورنروں، بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امیت شاہ، سابق وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ، کانگریس صدر سونیا گاندھی، ڈی ایم کے صدر کے کرونادھی اورمرکزی وزراءسمیت تمام قومی و ریاستی سیاسی رہنماؤں نے انا ڈی ایم کے کی سربراہ وتمل ناڈو کی وزیر اعلیٰ محترمہ جے للتا کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
حامد انصاری نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ انہیں تمل ناڈو کی وزیراعلی جے للتا کے انتقال پر گہرا دکھ ہوا ہے۔مشہور و مقبول رہنما اور کرشمائی شخصیت کی مالک محترمہ جے للتا تمل ناڈو اور قومی سیاست میں کافی متاثر کن شخصیت تھیں۔ انہوں نے کہا کہ تمل ناڈو کی وزیراعلیٰ کے طورپر ریاست کی اقتصادی ترقی اور غریب طبقے کی سماجی ترقی کے لئے ان کے تعاون کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
ان کا انتقال ملک کے لوگوں کےلئے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ سابق نائب وزیر اعظم اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر لال کرشن اڈوانی نے تمل ناڈو کی وزیر اعلیٰ جے جیہ للتا کے انتقال پر سخت رنج کا اظہار کیا۔ مسٹر اڈوانی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ محترمہ جے للتا کے انتقال پر گہرا دکھ ہوا۔ وہ تمل ناڈو کی سیاست میں بہت مضبوط شخصیت والی خاتون تھیں۔ خدا ان کی روح کو سکون بخشے ۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ جے للتا غریبوں اور پسماندہ طبقات کے درمیان بہت مقبول اور طاقتور رہنما تھیں۔ وہ سیاست میں ایک نئی طرز اور حیرت انگیز صلاحیت کے لئے پہچانی جاتی تھیں۔ وہ تمل ناڈو کے لئے ملکہ کی مانند تھیں۔جے للتا کے انتقال پر سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر پی چدمبرم نے بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے محترمہ جے للتا کی مقبولیت کو ان کے سیاسی گرو ایم جی راماچندرن کے برابر بتایا ہے۔
مسٹر چدمبرم نے کہا کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ محترمہ جے للتا گزشتہ 25 سال کے دوران تمل ناڈو کی سیاست میں سب سے زیادہ طاقتور سیاسی شخصیت والی خاتون تھیں۔ مسٹر چدمبرم نے اپنے پیغام تعزیت میں مزید کہا کہ ریاست میں گزشتہ چھ میں سے چار اسمبلی انتخابات میں اے آئی ڈی ایم کے نے جیت حاصل کی ہے جس سے محترمہ جے للتا کی مضبوط قوت ارادی اور ان کی سیاسی صلاحیت کا پتہ چلتا ہے۔سینئر بی جے پی لیڈر اور مرکزی وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے بھی جے للتا کے انتقال پر غم کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک انقلابی لیڈر بتایا۔ مسٹر نائیڈو نے محترمہ جے للتا کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمل ناڈو کے لوگوں کی بھلائی کے لیے ہمیشہ سرگرم عمل رہیں۔ لوگ انہیں کبھی بھلا نہیں پائیں گے. اپنے تعزیتی پیغام میں مسٹر نائیڈو نے کہا کہ ان کے انتقال تک ان کے صحت مند ہو جانے کی امید تھی۔ڈاکٹروں نے انہیں ہر قسم کی ادویات دے کر صحت و زندگی دینے کی ہر ممکن کوشش کی تاہم وہ اپنی کوششوں میں کامیاب نہیں ہو پائے۔
مسٹر نائیڈو نے کہا کہ وہ ہمیشہ ان کی ہمت، ایمانداری اور حکمت اور کام کرنے کے طریقے کے پرستار رہے ہیں۔ وہ ان کے انتقال سے بے حد دکھی ہیں اور ایسا لگ رہا ہے کہ جیسے میں نے اپنی سگی بہن کو کھو دیا ہو۔ میں خدا سے ان کی روح کی تسکین کی دعا کرتا ہوں۔اترپردیش کے گورنر رام نائک نے بھی جے للتا کے انتقال پر گہرا دکھ ظاہر کیا۔ گورنر نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا ہے کہ محترمہ جے للتا ایک مقبول خاتون لیڈر تھیں، جنہیں عوام کی بے پناہ حمایت اور پیار حاصل تھا۔ گورنر نے کہا کہ محترمہ جے للتا نے طویل عرصے تک تمل ناڈو کی خدمت کی ہے۔ گورنر نے آنجہانی لیڈر کی روح کی تسکین کی دعا کرتے ہوئے غمزدہ اہل خانہ کے تئیں دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
تمل فلموں کے سپراسٹار اور بے حد مشہورو مقبول اداکار رجنی کانت نے محترمہ جے للتا کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ صرف ریاست ہی نہیں بلکہ نے بھی ایک بہادر بیٹی کھوئی ہے۔ اداکار رجنی کانت کی رہائش گاہ بھی پو ئس گارڈن علاقے میں واقع محترمہ جے للتا کی رہائش گاہ کے نزدیک ہی ہے۔انہوں نے انہیں ملک کی بہادر بیٹی بتاتے ہوئے کہا،”میں خدا سے ان کی روح کی تسکین کےلئے دعا کرتا ہوں۔“ بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن نے بھی اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ وہ محترمہ جے للتا کے انتقال سے بے حد دکھی ہیں۔وہ ایک بہترین اداکارہ ہونے کے ساتھ ساتھ مقبول رہنما بھی تھیں۔وہ ایک جرات مند خاتون بھی تھیں۔خدا ان کی روح کو تسکین پہنچائے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: President pm and all political leaders condole ammas death in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply