صدر جمہوریہ اور وزیر اعظم نے104سیٹلائٹس خلا میں بھیجنے پر اسرو کے سائنسدانوں کو مبارکباد

نئی دہلی: صدر، نائب صدر اور وزیر اعظم سمیت ملک کے کئی معزز لیڈروں نے پی ایس ایل وی کے ذریعے 104سیٹلائٹس کو کامیابی کے ساتھ خلا میں بھیجنے کو مثالی اور تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے اس کے لئے ہندوستانی خلائی تحقیق کی تنظیم کے سائنسدانوں مبارک باد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ اس سے پوری دنیا میں ہندوستان کا نام روشن ہوا ہے اور اس کے وقار میں اضافہ ہوا ہے۔ اسرو نے آندھرا پردیش کے شری ہری کوٹا واقع ستیش دھون خلائی مرکز سے آج پی ایس ایل وی سی کے ذریعے ریکارڈ 104 مصنوعی سیاروں کو کامیابی کے ساتھ مدار میں قائم کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔ ان میں سے 96 سیٹلائٹ صرف امریکہ کے ہیں۔ صدر پرنب مکھرجی نے خلائی محکمہ کے سکریٹری اور اسرو کے صدر مسٹر اے ایس کرن کمار کو بھیجے تہنیتی پیغام میں کہا کہ یہ دن ہندوستان کے خلائی پروگرام کی تاریخ میں ایک اہم دن کے طور پر جانا جائے گا۔ملک کو اس کامیابی پر فخر ہے۔ اس شاندار کارکردگی نے ایک بار پھر ہندوستان کی بڑھتی ہوئی اندرونی صلاحیتوں کو اجاگر کیا ہے۔
صدرنے کہا کہ وہ اس کے لئے مسٹر کمار سمیت اس مشن سے وابستہ سائنسدانوں، انجینئرز، تکنیکی ماہرین اور دیگر تمام ساتھیوں کو مبارک باد پیش کرتے ہیں اور اسرو سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ ملک کی اندرونی صلاحیتوں کی ترقی کے لئے کوششیں جاری رکھے۔ نائب صدر حامد انصاری نے اپنے پیغام میں کہا کہ جس بہترین طریقے سے 104 مصنوعی سیاروں کو انتہائی کامیابی کے ساتھ خلامیں چھوڑا گیا اس نے ایک بار پھر خلا میں ہندوستان کی صلاحیتوں کو ثابت کیا ہے۔ اس کے لئے اسرو کے سائنسداں مبارکباد کے مستحق ہیں۔اسرو کے مستقبل کے مہمات کے لئے میری طرف سے نیک خواہشات۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنے تہنیتی پیغام میں اسرو کے سائنسدانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس کامیابی کے لئے ہم اپنے سائنسدانوں کو سلام کرتے ہیں۔ آج کی اس غیر معمولی کامیابی کے لئے اسرو کی پوری ٹیم کودل سے مبارک باد!

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: President mukherjee pm narendra modi congratulate isro in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply