ساڑھے تین سو سال بعد بھی گرو گوبند سنگھ کی تعلیمات اور اصولوں کی معنویت برقرار: مودی

پٹنہ: وزیر اعظم نریندر مودی نے شری گروگوبند سنگھ جی مہاراج کے آدرشوں اور اصولوں کو آج بھی بامعنی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پرکاس اتسو دنیا میں اتحاد، سالمیت ، بھائی چارہ ، سماجی خیر سگالی اور سرو دھرم سمبھاو کا پیغام دے گا۔ مسٹر مودی نے یہاں کے تاریخی گاندھی میدان میں شری گرو گوبند سنگھ جی کے 350ویں پرکاش اتسو کے لئے بنائے گئے ٹینٹ سٹی کے دربار ہال میں متھہ ٹیکنے کے بعد ملک اور بیرون ملک سے آئے عقیدت مندوں کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دسویں گرو گوبند سنگھ جی کی دھرتی پر آکر وہ اپنے آپ کو خوش قسمت سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں جہاں کہیں بھی ہندوستانی، بالخصوص سکھ فرقہ کے لوگ رہتے ہیں وہاں مرکزی حکومت نے ہندوستانی سفارت خانوں کے ذریعہ سے پرکاش اتسو منانے کا منصوبہ بنایا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ یہ انتظام اس لئے کیا گیا ہے کہ دنیا کوا س بات کا احساس ہو کہ گرو گوبند سنگھ جی مہاراج نے ساڑھے تین سو سال پہلے انسانیت کو کتنا عظیم حوصلہ دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ پرکاش اتسو دنیا میں اتحاد ، سالمیت ، بھائی چارہ ، سماجی خیر سگالی اور سرو دھرم سمبھاو کا پیغام دے گا۔.
مسٹر مودی نے پرکاش اتسو کے شاندار انتظام کے لئے بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کما رکی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ سماج میں کسی طرح کی تبدیلی کے لئے کام کا آغاز کرنا بہت مشکل ہے لیکن وزیر اعلیٰ مسٹر کمار نے شراب بندی کا جو فیصلہ کیا ہے اس کے لئے وہ انہیں مبارک باد دیتے ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ شراب بند کرنا صرف مسٹر کمار کا ہی کام نہیں ہے بلکہ اس کے لئے عوام کو بھی بیدار ہونا پڑے گا۔ مسٹر مودی نے کہا کہ بہار کے وزیر اعلیٰ نے جو بیڑا اٹھایا ہے وہ ضرور کامیاب ہوگا۔ اس موقع پر بہار کے وزیر اعلیٰ نے پرکاش اتسو میں شرکت کے لئے آئے لوگوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ بہار علم اور موکش کی سرزمین ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہار مختلف مذاہب کا مرکز رہا ہے اور یہاں گرو گوبند سنگھ جی کا جنم ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گرو نگری میں جہاں پرکاش اتسو منایا جارہا ہے وہیں بھگوان بدھ کو معرفت حاصل ہونے کی جگہ بودھ گیا میں کال چکر پوجا جاری ہے۔ مسٹر کمار نے کہا کہ بہار میں بابائے قوم مہاتما گاندھی کے چمپارن ستیہ گرہ کی سوویں سالگرہ منائی جارہی ہے۔ یہ بہار کے لوگوں کے لئے فخر کی بات ہے۔ مسٹر کمار نے کہا کہ گرو گوبند سنگھ جی اور مہاتما گاندھی کے اصولوں سے حوصلہ پاکر بہا رحکومت نے ریاست میں مکمل شراب بندی کا فیصلہ کیا ہے۔ شراب بندی پر گھر گھر خوشیاں منائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سماج نشہ سے پاک ہوگا تو صوبہ اور ملک ترقی کرے گا۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Prakash parv pm modi nitish praise each other at patna event in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply