سب عہد کریں کہ ملک سے بدعنوانی ،ناخواندگی،غذائی قلت دور کر کے رہیں گے: وزیر اعظم

نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے پارلیمنٹ میں منتخب ہو کر پہنچنے والے عوامی نمائندوں کو تلقین کی کہ بابائے قوم مہاتما گاندھی کے خوابوں کے ہندوستان کی تعمیر کرنے کے لیے ملک کوغربت، ناخواندگی، غذائی قلت اور بدعنوانی سے نجات دلا ناہو گا۔ اور اس کے لئے ‘ہمیں 1942 کی تحریک کے دوران اختیار کی گئی قوت ارادی اور قوت فیصلہ کو ازسرنو زندہ کرنا ہوگا۔’
مسٹر مودی نے لوک سبھا میں اگست کرانتی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے خصوصی خطاب میں یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ قومی پالیسی سیاست سے بالاتر ہوتی ہے۔ لہذا، اگر ہم سب مل کر عہد کریں تو تمام چیلنجوں کا حل نکال سکتے ہیں۔ اس مہم میں ہم تنہا نہیں ہیں۔ سوا سو کروڑ ہندوستانیوں کا اعتماد ہمارے ساتھ ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ضرورت صرف قوت ارادی اور عزم صمیم کا ہے۔
آج عالمی حالات اور مواقع ہندوستان کے حق میں ہیں۔ پوری دنیا ہندوستان کی جانب امید بھری نظروںسے دیکھ رہی ہے۔ ایسے میں ہمیں اس موقع کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے دنیا کو ایک فعال قیادت فراہم کرنے کا کردار ادا کرنا ہے اور ایک ایسے ملک کی تعمیر کرنی ہے جو ترقی پذیر اور خوشحال ہونے کے ساتھ ہی سب کے مفاد ا ت اور سب کو یکساں مواقع فراہم کرنے کاہو۔ مسٹر مودی نے اس موقع پر آزادی کی تحریک کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ بال گنگا دھر تلک نے نعرہ دیا تھا کہ سوراج میرا پیدائشی حق ہے اور میں اسے لے کر رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ آج ہمیں یہ نعرہ دینا ہے کہ ہم سب مل کر ملک سے بدعنوانی دور کریں گے اور کر کے رہیں گے، غریبوں کو ان کا حق دلائیں گے اور دے کر رہیں گے، غذائی قلت کا مسئلہ ختم کریں گے اور کر کے رہیں گے، خواتین کی بیڑیاں تو ڑ دیں گے اور توڑ کر رہیں گے، ناخواندگی ختم کریں گے اور کر کے رہیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ بھارت چھوڑو تحریک کے دوران معاشرے کے ہر طبقے نے بڑھ چڑھ کر بے لوث انداز سے حصہ لیا۔ ان کاعزم اور ا ن کی قوت ارادی نے تحریک کو اتنی شدت دی کہ انگریزی حکومت کو ہندوستان چھوڑ کر جانا پڑا۔
یہ عوام اور ان کی قیادت کر رہے عظیم لیڈران کے ذمہ داری کا احساس تھا جس نے انہیں اپنے ملک کے لئے نچھاور ہونے کا حوصلہ بخشا اور طاقت دی۔ مسٹر مودی نے کہا کہ آج اس ذمہ داری کا فقدان نظر آتا ہے۔ لوگ اپنے حقوق کے تئیں جتنے مستعد ہیں، اتنے فرائض کے تئیں نہیں۔ حقوق کے ساتھ ذمہ داری کا احساس بھی ضروری ہے۔یہ جذبہ سب میں بیدار کرنے کی ضرورت ہے تبھی ایک نئے ہندوستان کی تعمیر ہو سکے گی۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Pm modi pays tribute to quit india movement martyrs in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply