اذان کے احترام میں وزیر اعظم مودی نے اپنی تقریر درمیان میں ہی روک دی

کولکاتا:آسام و مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے موقع پر دونوں ریاستوں میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی انتخابی مہم چلاتے ہوئے اتوار کو وزیر اعظم نے مغربی بنگال کے کھڑگ پور میں ایک ریلی کے دوران ایک قریبی مسجد سے اذان کی آوازسنتے ہی5منٹ کے لیے اپنی تقریر روک دی ۔
5 اذان ختم ہونے کے بعد اپنی تقریر شروع کرے ہوئے مسٹر مودی نے کہا کہ ”میں کسی کی عبادت کے عمل میں خلل ڈالنا پسند نہیں کرتا ۔اس لیے میں نے اذان ختم ہونے تک توقف کیا۔ بی جے پی کے مخالف سیاسی حلقوں میں وزیر اعظم کے اس عمل کو انتخابات کے موسم میں مسلمانوں کا دل جیت کر ان کے ووٹ کا ایک حصہ اپنی پارٹی کے امیدواروں کو منتقل کرانے کی ایک کوشش قرار دیا جا رہاہے۔
در اصل بات یہ ہے کہ وزیر اعظم کھڑگ پورشہر میں ایک ریلی سے خطاب کر رہے تھے کہ ظہر کی اذان ہو گئی۔ اور وزیر اعظم نے فوراً ہی اپنی تقریر روک دی اور اذان مکمل ہونے تک اس کے احترام میں سر جھکائے ساکت کھڑے رہے۔ اس دوران ریلی میں موجود کچھ لوگوں کو جو شور مچارہے تھے وزیر اعظم نے اشارے سے خاموش رہنے کو کہا ۔اور اذان ختم ہونے کے بعد وزیر اعظم نے اپنی ادھوری تقریر پھر شروع کر دی۔
انہوں نے اپنی تقریر کے دوران حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اور بایاں بازو کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ ان دونوں نے40سال میں ریاست کو تباہ کر دیا۔اس لیے وہ اپیل کرتے ہیں کہ ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ایک بار بی جے پی کو موقع دیں۔انہوں نے ترنمول کانگریس کو اصل ہدف تنقید بناتے ہوئے شاردا چٹ فنڈ گھپلا اور اس اسٹنگ آپریشن کا جس میں ترنمول کانگریس کے لیڈروں کو روپے کے بنڈل بطور رشوت لیتے ہوئے دکھایا گیا ہے خاص طور پر ذکر کیا۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Pm modi pauses speech for azan in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply