ہندوستان ومصر نے دہشت گردی کو عالمی امن وسلامتی کے لئے نہایت سنگین خطرہ سے تعبیر کیا

نئی دہلی: دہشت گردی کو بین الاقوامی امن کے حق میں سنگین ترین خطرہ گردانتے ہوئے ہندوستان اور مصر نے آج اس عفریت کا ہر سطح پر مقابلہ کرنے میں ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کو مستحکم کرنے کا عہد کیا۔ مہمان صدر مصر عبدالفتاح السیسی سے سیر حاصل گفتگو کے بعد وزیراعظم نریندر مودی نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بڑھتی ہوئی رجعت پسندی، تشدد اور دہشت گردی سے سبھی خطوں کو حقیقی خطرہ لاحق ہے۔
دونوں رہنماؤں نے مشترکہ اعلامیہ میں ہر قسم کی دہشت گردی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی بین الاقوامی امن وسلامتی کے حق میں اس وقت سنگین ترین خطرہ ہے۔دونوں رہنماؤں نے اپنے اس عہد کی توثیق کی کہ ہر سطح پر دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں باہمی تعاون کو مستحکم کیا جائے گا۔ مسٹر مودی اور مسٹر السیسی نے اس عہد کا بھی اعادہ کیا کہ بین الاقوامی دہشت گردی سے متعلق جامع کنونشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اقوام متحدہ میں دونوں ممالک اشتراک عمل سے کام لیں گے۔
وفود کی سطح پر میٹنگ کے دوران بھی دونوں رہنماؤںنے اپنے جامع تبادلہ خیال میں باہمی تعلقات کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا۔مسٹر مودی نے اسی سال جنوری میں مصر میں نئی پارلیمنٹ کے انتخاب پر صدر السیسی کو مبارک باد پیش کی۔دونوں رہنماؤں نے عرب۔ اسرائیل تنازعہ کے پرامن اور جامع حل اور شام میں محاذ آرائی کا سلسلہ ختم کرنے کی ضرورت کی توثیق کی اور کہا کہ وہ عرب۔
اسرائیل تنازعہ کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں، میڈرڈ امن کانفرنس کی تجاویز اور عرب امن پہل کی بنیادوں پرحل دیکھنا چاہتے ہیں تاکہ مسئلہ کے دو مملکتی حل کو عمل میں لایا جاسکے جس کی بنیاد پر ایک آزاد اور خودمختار فلسطین کا قیام عمل میں آ سکےجس کی راجدھانی مشرقی یروشلم ہو اور فلسطین اور اسرائیل دونوں پرامن بقائے باہم کے جذبہ کے ساتھ رہ سکیں۔(یو این آئی)

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Pm modi egypt president abdel fattah al sisi issue joint statement in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply