پرم ہنس اور ہاشم انصاری ایک ہی تانگے پر اجودھیا سے فیض آباد کچہری جاتے تھے

اجودھیا: رام جنم بھومی / بابری مسجد تنازعہ میں محمد ہاشم انصاری ایک فریق کے پیروکار ہونے کے باوجود ہندو مسلم اتحاد کے اس قدر حمایتی تھے کہ وہ پرم ہنس رام چندر داس کے ساتھ ایک ہی تانگے پر مقدمہ لڑنے جاتے تھے۔
تنازعہ کو بات چیت یا عدالتی حکم سے نمٹانے کی حمایت کرنے والے مرحوم انصاری اور آنجہانی پرم ہنس میں گاڑھی چھنتی تھی۔ دونوں اجودھیا سے ایک ہی تانگے پر فیض آباد کچہری مقدمہ لڑنے جاتے تھے۔ رام چندر پرم ہنس داس رام جنم بھومی بابری مسجد تنازعہ کے ایک اہم پیروکار تھے۔ ان کا انتقال قریب 13 سال پہلے اجودھیا میں ہوا تھا۔ دونوںاپنے اپنے مکانوں سے نکل کر سڑک پر آتے تھے اورتانگے پر سوار ہو کر کچہری پہنچتے تھے۔ کچہری میں دونوں اپنے اپنے وکیل کے کمرے پر چلے جاتے تھے۔
شام کو دونوں پھر ایک ساتھ اجودھیا لوٹتے تھے۔ مرحوم انصاری نے خود ایک بار بتایا تھا کہ ”ہم لوگوں کے ایک ساتھ نکلنے پر اکثر طنز بھی کیا جاتا تھا۔ ہمارے ساتھ آنے جانے کا یہ سلسلہ اسی(80) کی دہائی میں اس وقت ٹوٹا جب وشو ہندو پریشد کا اس معاملے میں مداخلت بڑھی۔ وی ایچ پی نے اسے سیاسی مسئلہ بنا دیا۔ پرم ہنس کی موت پر مرحوم انصاری 31 جولائی 2003 کو ان کی موت پر پھوٹ کر روئے تھے اورکہا تھاکہ ”میرا دوست مجھ سے پہلے چلا گیا“۔
مرحوم انصاری کی ہندوؤں میں مقبولیت کا عالم یہ رہا کہ ان کے انتقال کی خبر آتے ہی دوسروں کے ساتھ ہندو دھرم اچاریوں کا ان کی رہائش گاہ پر آنا شروع ہو گیا۔ رام جنم بھومی کے آس پاس تحویل احاطے کے قریب ہی واقع ان کی رہائش گاہ پر پہنچنے والوں میں آل انڈیا اکھاڑا پریشد کے سابق صدر گیان داس اور رام جنم بھومی کے اہم پجاری آچاریہ ستیندر داس شامل تھے۔ مرحوم سے انتہائی نظریاتی اختلافات رکھنے والے وشو ہندو پریشد نے بھی ان کے انتقال پر غم کا اظہار کیا اور کہا کہ جنونیوں کو مرحوم انصاری کے خیالات سے سبق لینا چاہئے۔
وی ایچ پی میڈیا انچارج شرد شرما نے کہا کہ مرحوم انصاری اپنے خیالات پر ہمیشہ قائم رہے۔ ان کے خیالات انہی کی طرح سہل تھے. وہ چاہتے تھے کہ باہمی رضامندی یا عدالت کے ذریعے مندر مسجد تنازعہ کا حل نکلے۔ وہ ایک اچھے انسان تھے۔ (یو این آئی)

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Paramhans and hashim ansari used to go to court on same tonga in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply