وہ حالات کردیں گے کہ پاکستان خود بخود جنگ بندی پر مجبور ہو جائے گا: وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ

جموں: (یو ا ین آئی) وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے ہندوستان میں مقیم روہنگیا مسلمانوں کو غیرقانونی پناہ گزین قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کا ان کے تئیں رویہ انتہائی سخت ہے۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی پناہ گزینوں کا ملک کی سیکورٹی کے لئے خطرہ ثابت ہونا، خارج از امکان نہیں ہے۔ مسٹر راجناتھ سنگھ نے اس کا اظہار منگل کو یہاں ایکنیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پاکستان کو سرحدوں پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ ’بصورت دیگر سرحدوں پر تعینات ہمارے سیکورٹی فورسز ایسے حالات پیدا کردیں گے کہ پاکستان خود بخود جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند کرنے پر مجبور ہوجائےگا‘۔ .وزیر داخلہ نے پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں کے نزدیک رہائش پذیر لوگوں کی قومی پرستی کو سراہتے ہوئے سرحد پار فائرنگ سے جاں بحق یا معذور ہونے والے افراد کے لئے معاوضے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پڑوسی ممالک کے ساتھ لگنے والی سرحدوں کو باڑ سے مکمل طور پر سیل کردیا جائے گا اور جہاں باڑکی مدد سے سیل کرنا ناممکن ہوگا، وہاں ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا۔
مسٹر راجناتھ نے یہ کہتے ہوئے دفعہ 35 اے پر کسی بھی سوال کا جواب دینے سے انکار کیا، کہ وہ اس کے بارے میں سری نگر میں اپنی بات سامنے رکھ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت ریاست کے تینوں خطوں کی برابر ترقی کے ایجنڈے پر کام کررہی ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ گذشتہ سال کے مقابلے میں وادی کے حالات میں بہت حد تک بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات کو نہیں مانتے ہیں کہ کشمیر میں انتہا پسندوں کی تعداد بڑھ رہی ہے۔ راجناتھ سنگھ نے ہندوستان میں مقیم روہنگیا مسلمانوں کو غیرقانونی پناہ گزین قرار دیتے ہوئے کہا ’بھارت کے اندر جن لوگوں کی غیرقانونی امیگریشن ہوئی ہے۔ ان کے تئیں ہمارا رویہ انتہائی سخت ہے‘۔ جموں میں مختلف سیاسی جماعتوں کے لیڈران کی جانب سے روہنگیا پناہ گزینوں کو ملک کی سیکورٹی کے لئے خطرہ قرار دیے جانے سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ نے کہا ’میں نے پہلے ہی کہا کہ وہ غیرقانونی مہاجر ہیں۔ ہم سیکورٹی خطرے کو خارج از امکان قرار نہیں دے رہے ہیں‘۔ سرکاری اعداد وشمار کے مطابق جموں میں مقام میانمار اور بنگلہ دیش کے تارکین وطن کی تعداد 13 ہزار 400 ہے۔ راجناتھ سنگھ نے پاکستان کو سرحدوں پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند کرنے کی نصیحت کرتے ہوئے کہا ’پاکستان کی طرف سے جس طرح لگاتار جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، اس سے لگتا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر کرنے میں بالکل دلچسپی نہیں رکھتا ہے۔ 2014 سے میں دیکھ رہا ہوں کہ پاکستان کی طرف سے ہر سال 400 سے زائد بار جنگ معاہدے کی خلاف ورزیاں ہوتی ہیں۔ پاکستان کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیوں کا سلسلہ بند کرنا ہوگا۔ ہمارے فوج اور بی ایس ایف کے جوان انہیں منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔نیوز کانفرنس میں وزیر اعظم دفتر میں وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ بھی موجود تھے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Pakistan will have to stop firing today or tomorrow rajnath singh in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply