کرنسی معاملہ پرپارلیمنٹ میں حکومت کو گھیرنے کے لئے اپوزیشن کی میٹنگ شروع

نئی دہلی:کانگریس، راشٹریہ جنتا دل ، ترنمول کانگریس اور بائیں بازو کی جماعتوں سمیت اپوزیشن پارٹیوں نے پانچ سو اور ایک ہزار روپے کے نوٹ بند کرنے کے معاملہ کو پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس میں زور شور سے اٹھانے اور حکومت کو گھیرنے کے لئے لائحہ عمل تیارکرنے کے لئے یہاں پارلیمنٹ ہاوس کے احاطے میں میٹنگ شروع کر دی۔
راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلا م نبی آزاد کے کمرے میں ہونے والی اس میٹنگ میں مسٹر آزاد کے علاوہ راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے ڈپٹی لیڈر آنند شرما ، سی پی ایم کے جنرل سکریٹی سیتا رام یچوری، سی پی آئی کے سکریٹری ڈی راجہ، ترنمول کانگریس کے سندیپ بندوپادھیائے او رڈیرک او برائن، آر جے ڈی کے پریم کمار گپتا، جھارکھنڈ مکتی مورچہ کے سشیل کمار اور دیگر رہنما موجود تھے۔
کانگریس نے16 نومبر سے شروع ہونے والے سرمائی اجلاس کے پہلے دن ہی راجیہ سبھا میں تحریک التوا کا نوٹس دیا ہے۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے اس معاملے پر اپنی حریف مارکسی کمیونسٹ پارٹی(سی پی ایم) سے بھی حمایت مانگی ہے۔
کانگریس، جنتا دل یونائیٹڈ(جے ڈی یو)، سماج وادی پارٹی، بہوجن سماج پاٹی( بی ایس پی) ، او ر بائیں بازوسمیت تمام اپوزیشن لیڈروں نے اس معاملے پر سخت ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت نے بغیر سوچے سمجھے اور بغیر تیاری کے یہ فیصلہ لے کر اقتصادی بد امنی کا ماحول پیدا کردیا جس سے عام لوگوں کی پریشانیاں بڑھ گئی ہیں۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Opposition zeroes in on issues to be raised in parliament in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply