الیکشن کمیشن یکم فروری کو عام بجٹ پیش کرنے سے حکومت کو روکے: حزب اختلاف

نئی دہلی: کانگریس اور کئی دیگر اہم اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے آج الیکشن کمیشن سے درخواست کی کہ پانچ ریاستوں میں اسمبلی انتخابات کے پیش نظر وہ مرکزی حکومت سے عام بجٹ یکم فروری کو پیش نہ کرنے کو کہے۔
کانگریس، ترنمول کانگریس، جنتا دل یو، بہوجن سماج پارٹی اور کچھ دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے یہاں الیکشن کمیشن میں جاکر چیف الیکشن کمشنر ملاقات کی اور اپنے مطالبے کی حمایت میں ایک میمورنڈم سونپا۔ ان جماعتوں کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ میں عام بجٹ پانچ ریاستوں اتر پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، گوا اور منی پور میں اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹنگ مکمل ہونے کے بعد بھی پارلیمنٹ میں عام بجٹ پیش کیا جانا چاہیے۔
ان کی دلیل ہے کہ انتخابات سے عین قبل بجٹ پیش کئے جانے سے مرکز میں حکمراں بھارتیہ جنتا پارٹی اسمبلی انتخاب میں اس کا فائدہ اٹھا سکتی ہے کیونکہ بجٹ میں دلکش اعلانات ہو سکتے ہیں۔ کانگریس کے سینئر لیڈر اور راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد نے انتخابی کمیشن سے ملاقات کے بعد نامہ نگاروں سے کہا کہ نمائندہ وفد میں شامل تمام جماعتوں کے رہنماؤں نے اپنی بات رکھی اور چیف الیکشن کمشنر اور دیگر کمشنروں نے ان کی باتی بغور سنی۔
ترنمول کانگریس کے لیڈر ڈی اوبرائین نے کہا کہ 11 رکنی وفد نے کمیشن کے سامنے اپنی بات رکھی اور کہا کہ 15-16 پارٹیاں اس معاملہ میں متحد اور ہم آہنگ و ہم خیال ہیں۔ انتخابی کمیشن نے بدھ کو پانچ ریاستوں کے انتخابات کے پروگرام کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق چار فروری سے آٹھ مارچ تک پولنگ ہونی ہے۔ اپوزیشن جماعتوں کا کہنا ہے کہ آٹھ مارچ کے بعد ہی بجٹ پیش کیا جانا چاہیے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Opposition parties ask eci to stop union budget on feb 1 in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply