راہل گاندھی این ٹی پی سی دھماکہ کے ہلاک شدگان کے لواحقین سے ملنے رائے بریلی پہنچے

رائے بریلی:یہاں نیشنل تھرمل پاورکارپوریشن (این ٹی پی سی) کے اونچا ہار پلانٹ میں بوائلر دھماکہ میں ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر 26ہو گئی۔ کانگریس نائب صدر راہل گاندھی گجرات میں ،جہاں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں،اپنی نو سرجن یاترا عارضی طور پر روک کر اس دھماکے کے ہلاک شدگان کے لواحقین کی دلجوئی کرنے کے لیے اترپردیش کے رائے بریلی کا دورہ کر رہے ہیں۔
رائے بریلی کانگریس صدر سونیا گاندھی کا ، جنہوں نے اس اندوہناک سانحہ پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کیا،پارلیمانی حلقہ ہے ۔چونکہ اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ غیر ملکی دورے پر ہیں اس لیے نائب وزیر اعلیٰ دنیش شرما رائے بریلی جا رہے ہیں۔
اتر پردیش کے پرنسپل داخلہ سکریٹری اروند کمار نے لکھنؤ میں میڈیا کے نمائندون کو بتایا کہ این ٹی پی سی دھماکہ کا، جس میں ہلاک شدگان کی تعداد بڑھ کر26ہو گئی ہے، سبب جاننے کے لیے این ٹی پی سی نے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ اس سے قبل سانحہ کے فوراً بعد وزیر اعلیٰ نے ہلاک شدگان کے لواحقین کے لیے2لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50ہزار روپے ریلیف دینے کا اعلان کر دیا تھا۔

Title: ntpc boiler blast toll rises to 26 rahul gandhi visits rae bareli | In Category: ہندوستان  ( india )

Leave a Reply