نوٹ بندی سے دہشت گردوں کی پریشانی میں اضافہ ہوا ہے ان کی طاقت کم ہوئی ہے:راج ناتھ سنگھ

نئی دہلی: مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج کہا کہ نوٹ بندی سے دہشت گردوں اور نکسلیوں کا زور کم ہواہے اور ان کی کمر ٹوٹ چکی ہے۔ مسٹر راجناتھ سنگھ نے یہاں میڈیا کے ساتھ بات چیت میں کہاکہ “انٹلیجنس اطلاعات اور بینکوں سے موصولہ معلومات کی بنیاد پر میں کہہ رہا ہوں کہ نوٹ بندی کی وجہ سے دہشت گردوں کی پریشانی میں اضافہ ہوا ہے اور ان کی طاقت کم ہوئی ہے۔ بہت سے اکاؤنٹ بھی سیل کئے گئے ہیں”۔ یہ پوچھے جانے پر کہ نوٹ بندی کے بعد بھی نگروٹا سمیت کئی دہشت گرد انہ حملے ہوئے ہیں اور دہشت گردوں کے پاس سے نئے نوٹ بھی برآمد کئے گئے ہیں ، مسٹر راجناتھ سنگھ نے کہا کہ دہشت گردی کا مسئلہ چٹکی بجاتے ہی ختم نہیں ہو سکتی۔ جہاں تک دہشت گردوں کے پاس نوٹ برآمد ہو نے کی بات ہے تو ان دہشت گردوں کو پکڑنے میں کامیابی حاصل کی گئی ہے۔ مسٹر راجناتھ سنگھ نے یہ پوچھے جانے پر کہ کیا حکومت کو انتخابات میں نوٹ بندی کا فائدہ ملے گا؟، کہا کہ یہ فیصلہ سیاسی نفع ونقصان کو ذہن میں رکھ کر نہیں کیا گیا ہے۔ بی جے پی صرف حکومت بنانے کے لئے نہیں بلکہ معاشرے کی تعمیر کے لئے سیاست کرتی ہے۔
مسٹر راجناتھ سنگھ نے مالیگاؤں دھماکہ کیس کی تحقیقات پر تبصرہ کرنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ قومی تفتیشی ایجنسی اس کی جانچ کر رہی ہے۔ اس جانچ کے سلسلے میں این آئی اے کی رپورٹ پر سپریم کورٹ کے منفی تبصرے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ عدالت کے تبصرے کی بنیاد پر کسی ادارے کی ساکھ خراب نہیں ہوتی۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی کا مرکزی حکومت ساتھ ٹکراؤ سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ قومی جمہوری محاذ (این ڈی اے) حکومت ٹکراؤکی سیاست نہیں کرتی۔ اگر ضرورت ہوئی تو محترمہ بنرجی سے بات چیت کی جائے گی۔
پاکستانی دہشت گرد تنظیم جیش محمد کے سربراہ مسعود اظہر کو بین الاقوامی دہشت گرد قرار دینے میں چین کی طرف سے اقوام متحدہ میں روکاوٹ ڈالے جانے پر وزیر داخلہ نے کہا کہ ہندوستان اب بھی یہ توقع کرتا ہے کہ چین اس کے ساتھ کھڑا ہوگا۔ اس کے لئے کوشش جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انڈرورلڈ سرغنہ داود ابراہیم کو بھی واپس لانے کی کوششیں جاری ہیں۔ وزیر داخلہ نے سابق مرکزی وزیر یشونت سنہا کی قیادت میں جموں و کشمیر کے لوگوں سے بات چیت کے لئے جانے والی ٹیم کے بابت سوال پر کہا کہ وزارت داخلہ کو ان کے اس دورے کی اطلاع تک نہیں تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسٹر سنہا کو حکومت کی طرف سے نہیں بھیجا گیا تھا۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Note ban broken back of terrorists rajnath singh in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply