بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمارنے کشن گنج کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا

کشن گنج: بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے آج کشن گنج کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرکے سیلاب متاثرین سے ملاقات کی اورراحت وامداد کے کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر علاقے کے ایم مولانا اسرارالحق قاسمی نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرکے کشن گنج و سیمانچل میں سیلاب کی وجہ سے ہونے والے نقصانات سے متعلق جانکاری دیتے ہوئے سیلاب متاثرین کے مابین راحت رسانی و ریلیف کے کاموں میں کی جانے والی ٹال مٹول پر اظہار ناراضگی کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سے مطالبہ کیاکہ تمام سیلاب زدہ علاقوں میں متاثرین کے لئے فوڈپیکٹ تقسیم کرنے کافوری انتظام کیاجائے۔اس کے علاوہ مولاناقاسمی نے وزیر اعلیٰ کومیمورنڈم سونپ کر کشن گنج کے سیلاب متاثرین کی فوری بازآبادکاری کامطالبہ کیاہے۔
مولانانے بہارحکومت سے مطالبہ کیاہے کہ سیلاب کاپانی کم ہونے کے بعد تما متاثرہ علاقوں میں تیزی سے بیماریاں پھیل رہی ہیں،ان بیماریوں سے لوگوں کو بچانے کے لئے تمام علاقوں میں مفت طبی کیمپ لگایاجائے،سیلاب سے تباہ ہونے والی فصلوں کا معاوضہ دینے کے ساتھ حکومت کسانوں کا قرضہ معاف کرے،سیلاب میں جاں بحق ہونے والے لوگوں کے ورثاکو معقول معاوضہ دیاجائے ،اسی طرح جن لوگوں کے جانور بہہ کر ہلاک ہوگئے ہیں انہیں بھی معاوضہ دیاجائے۔
چوں کہ اس بھیانک سیلاب میں لوگوں کاغلہ اور کھانے پینے کی تمام چیزیں،چاول،دال ،آٹا،گیہوں وغیرہ برباد ہوگئے ہیں اس لئے مولاناقاسمی نے حکومت سے مطالبہ کیاہے کہ تمام سیلاب متاثرین کو کم ازکم تین ماہ تک مفت اناج دیا جائے،تمام سیلاب متاثرین کوپی آرکے طورپر تین تین لاکھ روپے دیے جائیں تاکہ وہ دوبارہ اپنی زندگی معمول پر لانے کے لئے جدوجہد کرسکیں۔ضلع کی لائف لائن کہی جانے والی کشن گنج۔بہادرگنج سڑک پر بلاک چوک کے نزدیک بیلی بریج بنواکر جلد ازجلد آمدورفت اور نقل و حمل کا سلسلہ شروع کروایاجائے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Nitish kumar visits kishanganj flood affected areas in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply