سید شہاب الدین کے انتقال پر نتیش کمار کا پسماندگان سے اظہار تعزیت

پٹنہ:بہار کے وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے سابق ممبر پارلیمنٹ سید شہاب الدین کے انتقال پر گہرے غم تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ مسٹر کمار نے تعزیتی پیغام میں کہا کہ سید شہاب الدین ایک مؤثر سیاستدان، مشہور سماجی کارکن اور انڈین فارن سروس کے نہایت قابل افسر تھے۔ انہوں نے کہا کہ سمتا پارٹی کی تشکیل میں بھی ہم ساتھ تھے اورہمارے پرانے ذاتی تعلقات رہے ہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سید شہاب الدین کے انتقال سے انہیں ذاتی نقصان ہوا ہے۔ وہ ہندوستان کے وفاقی ڈھانچہ میں مکمل اعتماد رکھتے تھے اور حکومت کے نظام میں تمام سطح پر لوگوں کی زیادہ سے زیادہ شرکت کے حامی تھے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے انتقال سے نہ صرف سیاسی بلکہ سماجی میدان میں بھی ناقابل تلافی نقصان ہواہے۔
مسٹر کمار نے مرحوم کی روح کی سلامتی اور ان کے اہل خانہ، کو دکھ کی اس گھڑی میں صبر جمیل دعا کی ہے۔ سید شہاب الدین کی تدفین ہفتہ کوبستی حضرت نظام الدین کے قریب واقع پنج پیران قبرستان میں سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں عمل میں آئی۔ نماز جنازہ اور تدفین کے موقع پر نائب صدر جمہوریہ محمد حامد انصاری سمیت مختلف مسلم مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں‘ تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادنیز سماجی مصلح سوامی اگنی ویش سمیت متعدد غیر مسلم افراد بھی موجود تھے۔ان میں جمیعت علماءہند کے مونالا محمود مدنی ‘ مولانا بدرالدین اجمل قاسمی ممبر پارلیمنٹ‘ جماعت اسلامی ہند کے امیر مولانا سید جلال الدین عمری‘ سماجی کارکن کمال فاروقی‘ آل انڈیا ملی کونسل اور انسٹی ٹیوٹ آف آبجیکٹیو اسٹڈیز کے ڈاکٹر محمد منظور عالم‘ مولانا ولی رحمانی‘ جمعیت اہل حدیث کے مولانا شیث تیمی اور مولانا اظہر مدنی ’ مسلم مجلس مشاورت کے صدر نوید حامد، خواجہ محمد شاہد وغیرہ شامل ہیں۔واضح رہے کہ شہاب الدین کو تنفس کی شکایت کے باعث گذشتہ 18فرور ی کو نوئیڈا کے جے پی اسپتا ل میں داخل کرایا گیا تھا۔جہاں ہفتہ کی صبح ساڑھے پانچ بجے وہ انتقال کر گئے تھے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Nitish condoles death of former mp shahabuddin in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply