حیدرآباد کا ایک نوجوان داعش سے تعلق کے الزام میں گرفتار،7روز کی عدالتی تحویل میں

حیدرآباد:حیدرآباد میںقومی تحقیقاتی ادارے( این آئی اے) کی ٹیم نے دولت اسلامیہ فی العراق و الشام ( داعش ) سے روابط رکھنے کے الزام میں پرانا شہر علاقہ سے ایک نوجوان کو گزشتہ روز گرفتار کرلیا ۔ این آئی اے نے گزشتہ روز اپنے اپنے بیان میں کہا کہ منڈی میر عالم علاقہ کے رہنے والے محمد عرفان نام کے نوجوان کو داعش کے سازشی ماڈیول کا حصہ بتایا گیا۔ این آئی اے نے حیدرآباد کے چند نوجوانوں اور ان کے ساتھیوں کے خلاف حکومت ہند کے خلاف جنگ چھیڑنے کی مجرمانہ سازش رچنے کا الزام عائد کرتے ہوئے ایک معاملہ درج کیا تھا۔
ان پر یہ بھی الزام تھا کہ وہ مذہبی مقامات ‘ حساس سرکاری عمارتوں وغیرہ کو نشانہ بنانے کا منصوبہ رکھتے تھے اور اس کے لئے اسلحہ و دھماکہ خیز موادبھی اکٹھا کیا تھا۔ اس معاملہ میں جانچ ایجنسی کی جانب سے چارج شیٹ داخل کی جاچکی ہے۔ این آئی اے کے بیان کے مطابق ملزم محمد ابراہیم یزدانی کی ہدایت پر عرفان نے یزدانی کے ساتھ مل کر ضلع نلگنڈہ کے پوچم پلی موضع کے نواح سے دھما کہ خیز مادہ حاصل کیا۔ وہ دھماکہ خیز مادہ کی تلاش میں اننت پور بھی گیا تھا۔ الزام ہے کہ ان کا منصوبہ ملک کے مختلف حصوں میں دھماکے کرنے کا تھا۔
عرفان کے بارے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس نے آئی ایس آئی ایس کے سربراہ اور عراق و شام میں خلافت اسلامیہ کا اعلان کرنے والے ابوبکر بغدادی سے وفاداری کا عہد کیا تھا۔ اس نے یزدانی اور رضوان کی موجودگی میں یہ حلف لیا تھا جس کے بعد یزدانی نے اس کی ایک کنیت ’ابو جعفر‘ مقرر کی۔ عرفان کو حیدرآباد میں این آئی اے کی خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں جج نے اسے سات دن کی عدالتی تحویل میں دے دیا۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Nia arrested daesh suspect from hyderabad in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply