اترپردیش کے رائے بریلی میں نیو فراکا ایکسپریس کے 9ڈبے پٹری سے اتر گئے،7ہلاک متعدد زخمی

لکھنؤ: بدھ کی صبح رائے بریلی میں ہر چند پور ریلوے اسٹیشن سے محض50میٹر کی دوری پرنیو فراکاایکسپریس کے 9ڈبے پٹری سے اتر گئے جس میں کم از کم7افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔

لکھنؤ اور بنارس سے نیشنل ڈزاسٹر رسپانس فورس(این ڈی آر ایف) کی ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور انہوں نے بچاؤ اور راحت کاری کا کام شروع کر دیا۔ابتدائی رپورٹوں کے مطابق یہ حادثہ صبح 6بجے عین اس وقت پیش آیا جب ٹرین ہرچند پور ریلوے اسٹیشن میں داخل ہو رہی تھی۔ اترپردیش پولس کے ڈی جی پی نے بتایا کہ پولس ٹیمیں زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کررہی ہیں۔

اترپردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی ادتیہ ناتھ نے اس حادثہ کی معلومات حاصل کیں اور ڈی ایم، ایس پی ، صحت عامہ کے حکام اور این ڈی آر ایف کو ہدایت کی کہ راحت اور بچاؤ کے پر ممکن اقدامات کیے جائیں۔

نیو فراکا ایکسپریس ٹرین مالدہ سے نئی دہلی آرہی تھی۔ادتیہ ناتھ نے ہلاک شدگان کے لواحقین کو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50ہزار روپے معاوضہ کا اعلان کیا۔

ریلوے وزیر پیوش گوئل نے بھی ریلیف اور بچاؤ کے کام میں تندہی سے لگنے اور زخمیوں کو ہر ممکن طبی امداد بہم پہنچانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ناردرن سرکل کے کمیشن ریلوے سیفٹی کے ذریعہ تحقیقات کا حکم دیا ہے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: New farakka express train derails in raebareli up latest updates death toll rises to 7 in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News
What do you think? Write Your Comment