حکومت بڑے نوٹ بدلنے کا فیصلہ کسی بھی قسم کے دباؤ میں واپس نہیں لے گی: نریندر مودی

نئی دہلی:وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتیں کالے دھن پر روک لگانے کی حکومت کی کوششوں میں رکاوٹ ڈال رہی ہیں لیکن حکومت کسی بھی دباؤ میں بڑے نوٹ بند کیے جانے کے فیصلے کو واپس نہیں لے گی۔
مسٹر مودی نے پارلیمنٹ کے سرمائی اجلاس کے پیش نظر بھارتیہ جنتا پارٹی پارلیمانی پارٹی اور قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی میٹنگوں میں کہا کہ اہل وطن کالے دھن کے خلاف اس فیصلے میں حکومت کے ساتھ ہیں۔ اپوزیشن پارٹی حکومت کی اس مہم کو ناکام کرنے کی کوشش میں ہے۔ انہوں نے پارٹی ممبران پارلیمنٹ سے کہا کہ وہ کسی قسم کے دباؤ میں نہ آئیں اور پوری طاقت سے اپوزیشن کا مقابلہ کرتے ہوئے اس مہم کو کامیاب بنانا ہے۔
میٹنگ کے بعد اطلاعات و نشریات کے وزیر ایم وینکیا نائیڈو نے نامہ نگاروں سے کہا کہ نوٹ بندی کے معاملے پر اپوزیشن کے الزامات بے بنیاد ہیں اور ان کا مناسب وقت پر جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر نظر ثانی کئے جانے کا سوال ہی نہیں اٹھتا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا موڈ حکومت کے حق میں ہے۔ سب کا اتفاق رائے ہے کہ یہ تاریخی فیصلہ ہے اور کچھ وقت کی پریشانی کے بعد اس کا کافی فائدہ ہوگا۔ این ڈی اے کی میٹنگ میں پانچ سو اور ایک ہزار روپے کے نوٹ بند کرنے کے حوالے سے حکومت کے فیصلے کی حمایت میں ایک قرارداد بھی منظور کی گئی۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Nda partners express full confidence in modis drive in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News

Leave a Reply