حزب اختلاف کے غل غپاڑے میں وزیر مالیات جیٹلی نے جی ایس ٹی بل پیش کر دیے

نئی دہلی:حکومت نے آج شور شرابے کے درمیان اشیا اور خدمات (جی ایس ٹی) سے متعلق چار بل لوک سبھا میں پیش کئے۔ وقفہ سوال کے بعد ضروری دستاویزات ایوان میں پیش کئے جانے کے بعد لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے جی ایس ٹی سے متعلق بل پیش کرنے کے لئے وزیر خزانہ ارون جیٹلی کا نام پکارا جس پر اپوزیشن ارکان اسے غلط طریقے سے فہرست میں شامل کئے جانے کا الزام لگاتے ہوئے شور مچانے لگے۔ کانگریس رکن کے سی وینو گوپال نے ضابطہ 72 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے اسے ترمیم والی فہرست میں بھی شامل نہ کرکے ارکان کو بحث کے لئے تیاری کرنے کا موقع نہیں دیا جو غلط ہے۔
دیگر اپوزیشن ارکان نے بھی اس پر ہنگامہ کیا۔ محترمہ مہاجن نے کہا کہ ان بلوں کو پیش کرنے کا فیصلہ جمعہ کی شام کو کیا گیا تھا اور ہفتہ کو صبح تمام اراکین کو اس کے بارے میں اطلاع دے دی گئی تھی۔ تاہم، ہفتہ اور اتوار تعطیل کا دن ہونے کی وجہ سے اس کو فہرست میں شامل نہیں کیا جا سکا۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ کو اطلاع دے دیے جانے کی وجہ سے اسے آج ایوان میں پیش کیا جا سکتا ہے اور انہوں نے مسٹر جیٹلی کو اس کی اجازت دی ہے۔ اس کے بعد مسٹر جیٹلی نے ایک ایک کر کے ایس-جی ایس ٹی، آئی-جی ایس ٹی، یو ٹی -جی ایس ٹی اور ریاستوں کو ہونے والے نقصان کی تلافی سے متعلق بل ایوان میں پیش کئے۔

Read all Latest india news in Urdu at urdutahzeeb.com. Stay updated with us for Daily urdu news from india and more news in Urdu. Like and follow us on Facebook

Title: Nda govt tables last batch of gst bills in lok sabha in Urdu | In Category: ہندوستان India Urdu News
Tags: , ,

Leave a Reply